News Detail Banner

قوم کو بتایا جائے کہ نیب ریکوری کی رقم کہاں جمع کی جارہی ہے،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور9 نومبر 2021

 امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی معنوں میں احتساب ہونا چاہیے۔ پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کے خلاف جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کروادی ہے۔ تحریک انصاف کا بلا تفریق احتساب کا نعرہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ سیاسی انتقام کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں بے لاگ احتساب کی خواہاں ہے۔ ہمارے کسی نمائندے پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں۔   ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے احتساب کا نظام، بغیر کسی دباؤ کے جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ مگر بد قسمتی سے ہر دور حکومت میں احتساب صرف اپوزیشن کو سائیڈ لائن لگانے کے لیے انتقامی حربوں کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ”دو نہیں ایک پاکستان“کا نعرہ لگانے والے خود کرپشن کے میگا سکینڈل میں بے نقاب ہورہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کرپشن ایک ناسور بن چکی ہے۔ اس کے خاتمے کے لیے صرف اور صرف پڑھی لکھی،محب وطن اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو جماعت اسلامی ہی فراہم کر سکتی ہے۔ ایسی حکومت جس میں کرپٹ مافیا خود اسمبلیوں میں بیٹھاہو، وہاں کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ یومیہ 5ہزار ارب روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے قلع قمع کے لیے کوئی ایک اقدام بھی نہیں اٹھایا جس کو قابل تحسین سمجھا جاسکے، بلکہ الٹی نیب کی جانب سے 8سو ارب روپے کی ریکوری پر بھی سوالیہ انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں۔ قوم کو بتایا جائے نیب ریکوری کی رقم کہاں جمع کی جا رہی ہے۔