News Detail Banner

طاغوتی طاقتیں افغانستان کی فتح سے خائف ہیں،راشد نسیم

2سال پہلے


لاہور04نومبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم  نے کہا ہے کہ طاغوتی طاقتیں افغانستان کی فتح سے خائف ہیں۔ افغان عوام نے کسی سازش کے بغیر سپر طاقت کو جذبہ ایمانی سے شکست دی ہے۔ دنیا کو چاہیے کہ افغانستان کو تسلیم کرے۔ اس وقت افغانستان میں امن قائم ہو چکا۔ افغانستان میں اسلامی نظام کا ماڈل بن رہا ہے۔ سیکولر اور اسلامی ممالک اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ اور شعبہ دعوت و تربیت کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راشد نسیم نے کہا کہ افغانستان میں اسلامی نظام کا ماڈل بن رہا ہے اس پر ساری سیکولر دنیا اس کے خلاف رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ سیکولر ممالک کو خوف ہے کہ جدید دنیا کا اسلامی ماڈل وجود میں آ گیا تو ان کی عمارتیں گر جائیں گی اور ان کا سیکولرازم کا نعرہ فیل ہو جائے گا۔ انسانیت کو داغدار کرنے والے سیکولرازم کے پجاری ناکام ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ انسان دشمن طاقتیں افغانستان کے امن کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ امریکہ جہاں سو سال بعد عورت کو ووٹ کا حق دیا گیا، آج افغانستان میں عورت کے حقوق کی بات کر رہا ہے۔ وہ امریکہ جہاں آج تک کوئی خاتون صدر منتخب نہیں ہوئی وہ ڈھائی ماہ میں افغانستان میں عورتیں ہی عورتیں دیکھنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اصل میں امریکہ اور اس کے اتحادی اپنی ناکامی اور شرمندگی چھپانا چاہ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی پوری دنیا اور بالخصوص مسلم ممالک سے اپیل کرتی ہے کہ وہ افغانستان کی پشت پناہی اور اسے تسلیم کریں۔