مہنگائی بے قابو ہوچکی، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو زندہ درگور کر دیا،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور 3نومبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی پر سبسڈی ختم کرنے سے صارفین پر 1355ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ حکومت کے فیصلے سے 300یونٹس استعمال کرنے والے صارفین بھی متاثر ہوں گے۔ٹیرف میں 1.68روپے فی یونٹ اضافہ نومبر کے بلوں میں شامل ہونے سے عوام کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ تحریک انصاف نے قسم کھا رکھی ہے کہ عوام کو زندہ درگور کرکے ہی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے 22کروڑ عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ عوام کو دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ترین بنادیا گیا ہے۔ کاروبار تباہ اور انڈسٹری کسمپرسی کی حالت میں ہے۔ ترقی و خوشحالی کے تمام اعداد وشمار محض گمراہ کن ہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جو تسلی بخش کارکردگی پیش کررہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ تبدیلی جس کا خواب عوام کو دکھا گیا تھا۔ ملک و قوم اس وقت انتہائی نازک صورت حال سے دوچار ہیں۔ تحریک انصاف سے زیاہ نا اہل ا ور ناتجربہ کار حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ چیف جسٹس گلرزا احمد کے ریمارکس”اب گٹر بھی خود نہیں بناسکتے، پتہ نہیں ملک کو کہاں پہنچا دیا۔“ تشویش ناک“ ہیں۔ یہ ریمارکس اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے کہ آوے کا آوا ہی خراب ہے اور ہر کسی نے عوام کو ذلیل و رسو ا کرنے کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ ایک طرف حکمرانوں کو غریب عوام کی ایک مرلے کی جھونپڑی قبول نہیں جبکہ دوسری جانب ناجائز تجاوزات کی بھر مار ہے اور یہ سب کچھ اداروں میں بیٹھی کالی بھیٹروں کی ملی بھگت سے ہورہا ہے۔ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔