News Detail Banner

جھوٹ اور لوٹ مار حکمران اشرافیہ کی سیاست کا وطیرہ ہے،سراج الحق

2سال پہلے

لاہور 31 اکتوبر 2021 

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جھوٹ اور لوٹ مار حکمران اشرافیہ کی سیاست کا وطیرہ ہے۔ قوم کے ساتھ تہتر برسوں سے دھوکہ ہورہاہے۔ چند خاندانوں نے بائیس کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہوا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سوا تین سال یوٹرنز، مہنگائی، بے روزگاری اور مافیاز کے نام رہے۔ حکومت نے اپنے سپورٹرز کو بھی مایوس کردیا۔ آئی ایم ایف سے مل کر سٹیٹ بنک پر ریاستی عمل دخل ختم کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔قومی اداروں کو اونے پونے بیچنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ملکی معیشت اور نظریہ پر تابڑ توڑ حملے ہورہے ہیں۔ موجودہ حکومت میں ملکی گاڑی ریورس گیئر پر ہے۔ بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کے ہرادارے کو تباہ کیا۔ جمہوریت کے نام پر جمہور یت سے مذاق کیا گیا۔ پارلیمنٹ بے توقیر ہو چکی، عدالتوں میں لوگ انصاف کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ پولیس ریفارمز ، ترقیاتی منصوبوں ، سی پیک پر پی ٹی آئی کے دور میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ملک کو اہل اور دیانت دار قیادت چاہیے۔ ظلم اور ناانصافی کے خلاف قوم اب جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے عوامی جمہوری جدوجہد وقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ملاقات کے لیے آنے والی مختلف شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ مسلم دنیا کو کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو سالہا سال سے بھارتی اور اسرائیلی ظلم برداشت کر رہے ہیں مگر میدان حریت میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے بھی مسلمان ممالک آگے بڑھیں ، مگر سب سے زیادہ ذمہ داری ان عالمی طاقتوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے افغانستان کو تباہ کیا۔

انہوں نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر اقوم متحدہ اور عالمی طاقتوں کی مسلسل خاموشی پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ دکھ کی بات یہ ہے کہ پاکستانی حکمرانوں نے کشمیر پر مکمل پسپائی اختیارکر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی نے کشمیر کو پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے غداری کرنے والوں کو عوام کو حساب دینا ہوگا۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتی بان ہے اور ان کی بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انشاء اللہ کشمیر بھارتی ظلم واستبداد سے آزاد ہوگا۔

سراج الحق نے داخلی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بھی ن لیگ اورپی پی کی طرح عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے۔ قوم کو اب سٹیٹس کو سے نجات کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔ اب عوام کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ ہمارا قوم سے وعدہ ہے کہ اقتدار میں آکر انصاف اور قانون کی عملداری قائم کریں گے، ملکی وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے گا اور قرآن و سنت کی روشنی میں تمام شعبوں اور اداروں کی سمت ٹھیک کی جائے گی۔ پاکستان کی منزل اسلامی نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے ملک کے بے پناہ وسائل سے حکمران ٹولہ کھلواڑ کررہا ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکومتوں نے اداروں کو ٹھیک کرنے کی کبھی کوئی کوشش نہیں کی۔ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کیلیے اربوں ڈالر کے قرضے لیے اور قوم انہیں سود سمیت عالمی مالیاتی اداروں کو واپس کررہی ہے۔ قوم یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ حکمرانوں نے آج تک سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے اور کیا خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مکمل یکسوئی کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور انشاء اللہ ملک میں پرامن اسلامی جمہوری انقلاب لائے گی۔