امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پورا ہفتہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور 17۔اکتوبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور بڑھتی ہو ئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی 17اکتوبر سے 24اکتوبر تک پنجاب سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ماہ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں 30روپے کا اضافہ کر کے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ مہنگائی نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔پٹرول 137.79، ہائی سپیڈ ڈیزل134، لائٹ ڈیزل 108، مٹی کا تیل 110روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی بد ترین کارکردگی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کو زندہ درگور کرنے کے لیے بر سر اقتدار آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ عوام کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحادی بھی شدید ناراض نظر آتے ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ حکومت نمائندے کس ڈھٹائی اور بے شرمی سے عوام کا سامنا کررہے ہیں۔ قوم فی الفور موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورا ہفتہ بھر پور احتجاج کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے 3سال میں پٹرول72، ڈیزل 83روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوا ہے۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا۔ 37ماہ صرف ٹیکسز کی مد میں 500ارب عوام کی جیبوں سے نکال لیے گئے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 200فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کنٹرول کرنے والے اداروں اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں عملا ً غیر فعال ہوچکی ہیں۔ حکومت خود کرپٹ مافیا کی سرپرستی کررہی ہے۔ وزیر خزانہ کے بیانات قوم کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہیں۔ مہنگائی قوم کے اولین مسئلہ بن چکا ہے۔