News Detail Banner

پٹرول اور گھی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ مسترد کرتے ہیں،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور 16۔اکتوبر 2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سودی معیشت کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ بلکہ الٹا آئی ایم ایف کے کہنے پر ملک میں مہنگائی میں ہوش ربا اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ پٹرول، بجلی،گھی، ایل پی جی سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ تبدیلی سرکار کو ووٹ دینے والے اور سپورٹ کرنے والے دونوں ہی پریشان ہیں۔ جماعت ملک میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کے نظام کو رائج کرانا چاہتی ہے اوراس کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی مہنگائی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔ تین برسوں میں بجلی کی اوسط قیمت میں 52فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ وزیرا عظم کے اردگرد مافیا ہی ملک میں مہنگائی کا اصل ذمہ دارہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پورا ملک ہی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ معیشت سے لے کر خارجہ پالیسی تک کوئی ایک سیکٹر بھی ایسا نہیں جہاں غیر ملکی آقاؤں کی مداخلت نہ ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو حشر نشر تحریک انصاف نے ملک کر کردیا ہے اس کو دیکھا جائے تو ہمیشہ دشمنوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ ان ظالم حکمرانون نے ملک و قوم کے ساتھ دشمنوں سے بھی بد تر سلوک کیا ہے اور ہنوز کررہے ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کی نوید سنا کر قوم کا خون خشک کردیا گیا ہے۔  محمد جاوید قصوری نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کب تک ان چالبازوں، دھوکہ بازوں، چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کی باتوں پر یقین کرکے ان کو اپنے سروں پر بٹھاتی رہے گی۔ ان کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ ملک و قوم کو بے داغ، پڑھی لکھی، محب وطن اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔