News Detail Banner

پی ٹی آئی کا سونامی ہر شعبے میں تباہی پھیلا رہا ہے،سراج الحق

2سال پہلے

لاہور14 اکتوبر2021ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سونامی ہر شعبے میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ حکومت نے 60ماہ کی مدت اقتدار میں سے 38ماہ گزار لیے، نہ کوئی تبدیلی آئی ہے نہ ریاست مدینہ کی جانب ایک قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کشکول توڑنے کا کہا، مگر دونوں ہاتھوں میں لیے گھوم رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر معاملے میں سپورٹ کیا۔ حکمران اشرافیہ ایک ہے اور سب کے مفادات مشترک ہیں۔ عوام اور حکمران اشرافیہ کے مفادات میں واضح ٹکراؤ ہے۔ کرسی اقتدار پر بیٹھے لوگ ویژن اور اہلیت سے عاری ہیں۔ سوا تین سالوں میں کرپشن کی روک تھام اور صحت و تعلیم کی بہتری پر توجہ نہیں دی گئی۔ حکومت نے سارا زور پہلے سے کمزور اداروں اور معیشت کو مزید کمزور کرنے میں لگایا۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں۔ بے روزگاری کا سونامی خوفناک شکل اختیار کر چکا ہے۔ آج تک جتنے آئی ایم ایف کے پروگرام آئے، سب تباہی لائے۔ وزیراعظم نے جو بھی دعوے اور وعدے کیے، ایک بھی پورا نہیں کیا۔ بحرانوں کے حل کے لیے صاف شفاف انتخابات ضروری ہیں۔ پی ٹی آئی کی انتخابی ریفارمز سے مزید سیاسی بحران آئے گا۔ الیکشن اصلاحات کے لیے سبھی جماعتوں کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہو گا۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر بھی جمہوریت لائیں۔ پاکستان کو اسلامی جمہوری فلاحی مملکت بنانے کے لیے جماعت اسلامی بھرپور محنت کر رہی ہے۔ ہم قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرگودھا میں جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ایم این اے جاوید چیمہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور مرکزی صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل نے بھی تعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا۔

سراج الحق اور دیگر مقررین نے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ جاوید اقبال چیمہ نے زندگی بھر پاکستان میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کی۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ملک کا سرمایہ ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہر شعبہ میں بہترین افراد دیے۔ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سابقہ حکومتوں کے نقش قدم کی پیروی کی اور سٹیٹس کو کو مزید سہارا دیا۔ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست کا کہہ کر تمام کام اس کے برعکس کیے۔ ملک مکمل طور پر آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے۔ سودی معیشت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ قوم کا بال بال قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ حکمران عیاشیاں کرتے ہیں اور قوم ان کا لیا گیا قرض سود سمیت واپس کرتی ہے۔ 73برسوں سے یہ تماشا جاری ہے۔ پاکستان کو اسلامی جمہوری انقلاب کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ آئین و جمہوریت کو قرآن کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔ تعلیم کو اسلامی اور نظریاتی بنانا ہمارا مقصد ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیاجائے۔ ان شاء اللہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن فری دیکھنا چاہتی ہے۔ ہم نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور عوام کو ریلیف پہنچنے تک یہ مقدمات ہر فورم پر لڑتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم پنڈوراپیپرز اور پاناما لیکس میں ملوث تمام افراد کا بے لاگ احتساب چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹیوں اور انکوائری سیلز پر ہمیں نہ پہلے اعتماد تھا نہ اب ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے احتساب کے نام پر ایک تماشا برپا کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کرپشن کو روکنے کے وعدے کیے، مگر ان کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔ تینوں جماعتیں ایکسپوز ہو گئی ہیں۔ اب قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرے اور پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے میں ہماری مدد کرے۔