News Detail Banner

جماعت اسلامی 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں نوجوانوں کا بڑا اجتماع منعقد کرے گی،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 14۔اکتوبر 2021 

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے سیاست میں اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے۔ بد تہذیبی کا طرز عمل اور زبان و بیان میں بے اعتدالی کسی طور پر عوامی نمائندوں کا خاصہ نہیں ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں میں اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں۔ بے حس اور تاریخ کی ناکام ترین حکومت اپنی رٹ ختم اور افادیت کھو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے ریمارکس کہ ”کس ملک سے کیا تحفہ ملا، حکومت نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے۔“ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کل تک جب اپوزیشن میں تھے تو اس وقت کی حکومت پر ایسے ہی الزامات لگایا کرتے تھے اور ان سے مطالبات کیا کرتے تھے مگر آج بر سر اقتدار آکر انہی حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ کس ملک سے کیا تحفہ ملا،اس کی وضاحت ہونی چاہئے۔ حکمرانوں کو ملنے والے تحائف عوام کی امانت ہوتے ہیں۔ تحائف کی تفصیل قوم کے سامنے لانے میں حکومت اتنی پریشان کیوں ہے۔؟  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک اور بے داغ قیادت کا حامل ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی وعدہ خلافیوں اور ناقص کارکردگی کے خلاف جماعت اسلامی 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں نوجوانوں کا بڑا اجتماع کرے گی۔ جس میں ملک بھر سے آئے لاکھوں نوجوان وزیر اعظم عمران خان سے ایک کروڑ نوکریاں اور پچا س لاکھ گھر وں کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان جتنے مرضی یوٹرن لے لیں لیکن ہم انہیں، ملک و قوم سے کیا ایک ایک وعدہ یاد لائیں گے۔