دنیا آگے جبکہ پاکستان نالائق حکمرانوں کی وجہ سے پیچھے کی جانب سفر کررہا ہے،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور 11اکتوبر2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ عوام کے مسائل کا حل اور ملک میں پر امن جمہوری اسلامی انقلاب چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کا مکمل پلان ہے۔ اداروں میں بنیادی ریفارمز کی ضرورت ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہوگئے۔ کرپٹ اشرافیہ اور عوام کے مفادات میں واضح ٹکراؤ ہے۔ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں پانچ دن گزارے۔ لوگ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ ہیں۔ انفراسٹرکچر کی بحالی اور ترقیاتی پروگراموں کے منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کے مزیدتین سال ضائع کردیے۔دنیا آگے، پاکستان پیچھے کی جانب سفر کررہا ہے۔ لوگوں کی اکثریت بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ ملکی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی بجائے حکمران اللے تللے کاموں میں مصروف ہیں۔ قرضوں کے اربوں ڈالر کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں اور قوم کو سود سمیت یہ رقم واپس کرنی پڑتی ہے۔ بجٹ کا نصف سے زائد قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوتاہے۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک کو گرداب سے نکالنے کا کوئی پروگرام نہیں۔ بیروزگاری کا طوفان بے قابو ہوچکا ہے۔ نوجوان طبقہ سب سے زیادہ مایو س ہے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سٹیٹس کو کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کی جمہوری جدوجہد کا ساتھ دے۔ مزید وقت ضائع نہیں کیاجاسکتا۔ پاکستان کی منزل اسلامی انقلاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے ملاقات اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد بڑے اجتماع اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے محسن پاکستان کی ملک وملت کے لیے سنہری خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر صرف پاکستان ہی نہیں امت مسلمہ کے بھی عظیم ہیرو تھے اور رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطائے فرمائے۔ ان کی رخصتی پوری قوم کو افسردہ کرگئی۔ ہم بہت اکیلا محسوس کررہے ہیں۔
سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج اور پولیس کے حالیہ کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاکستانی حکمرانوں، اقوم متحدہ اور عالمی برادری کی مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر خاموشی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے کشمیرپر مکمل سرنڈر کیا۔ وزیراعظم اب مکمل خاموش جب کہ وزیرخارجہ کبھی کبھار کوئی بیان جاری کردیتے ہیں۔کشمیری عوام پاکستانی حکمرانوں کے رویوں پر سخت نالاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتی بان ہے۔ جماعت اسلامی کشمیر کی بھارت سے آزادی تک ہر سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی۔ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ علی گیلانی شہید اور دوسرے کشمیری قائدین کی قربانیاں اور جدوجہد ضرورت رنگ لائے گی۔ انہوں نے کہا بھارت کے تمام ظلم و جبر کے باوجود کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔ افغانستان میں امریکہ اور بھارت کی پسپائی کے بعد بھی عالمی طاقتوں کی بدامنی پھیلانے کے لیے سازشیں جاری ہیں۔ مگر وہ اس میں ناکام و نامراد ہوں گے۔ افغانستان کی تعمیرنو کی ضرورت ہے جس کے لیے اسلامی دنیا اور او آئی سی آگے بڑھے۔ جن طاقتوں نے سالہا سال افغانستان میں خون کی ہولی کھیلی اور افغانستان کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان طاقتوں پر زور دے کہ وہ جنگ سے تباہ حال خطے کی بحالی میں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک افغانستان کو قبول کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ امت مسلمہ متحد ہوکر ہی درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ اسلامیان پاکستان اتفاق و اتحاد پیدا کریں اور جماعت اسلامی کی پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے کی جانے والی جدوجہد کاساتھ دیں۔ سات دہائیوں سے پاکستان اسلامی نظام سے محروم ہے، ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ منزل کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کامقصد انسانوں کی دنیاوی اور اخروی زندگی میں کامیابی ہے۔ ہم لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول کی جانب بلا رہے ہیں اور ہم یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔