News Detail Banner

انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سرکار دو عالمؐ کی سیرت کی پیروی ہی واحد ذریعہ ہے،راشد نسیم

2سال پہلے


لاہور11 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم  نے کہا ہے کہ جدید دنیا میں نبی اکرمؐ کا تذکرہ روزبروز بڑھتا جارہا ہے۔ دنیاوی چمک دمک، سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کے باوجود انسانیت کی بقا اور سلامتی کا ضامن حضورؐ کا اسوہ حسنہ ہی ہے۔ کچھ عرصہ سے دنیا میں دکھ، پریشانیاں، نفسیاتی امراض، نشہ، خودکشیوں کا رجحان اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سرکار دو عالمؐ کی سیرت کی پیروی ہی واحد ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیڈکوارٹر میں سیرت النبیؐ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر احسان اللہ وقاص اور عمیر ادریس بھی موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کے لائے ہوئے پیغام انقلاب میں انسانوں کے لیے ظاہری اور باطنی طور سکون ہے۔ اس پیغام کے نتیجے میں دنیا میں خوشحالی آئے گی۔ پریشانیوں اور خودکشیوں کا رجحان دورہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جدید دنیا میں مالدار ممالک میں خوشحالی کے باوجود خود کشیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان مسائل کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ انسانیت کا ہمدرد پیغام جس میں انسانوں کے باطن اور ظاہر کا خیال رکھا گیا ہے پر عمل کیا جائے، ذہنی سکون اسی سے میسر آسکتا ہے۔