جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اپنی بساط کے مطابق ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی مدد کر رہے ہیں،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور09 اکتوبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ملتان، کسووال، چیچہ وطنی، ہڑپہ اور لاہور میں ورکرز کنونشن، تعزیتی ریفرنس اور عالمی مجلس عقیدہ ختم نبوت کی کانفرنس سے خطاب کیا۔ ہرنائی بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرین، شہداء اور زخمیوں سے پوری قوم کو ہمدردی اور غم ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اپنی بساط کے مطابق متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ مولانا عبدالحق ہاشمی اور مولانا ہدایت الرحمن سے کوئٹہ فون پر حالات سے آگہی اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا کہا۔ ہرنائی بلوچستان کے عوام شدید متاثر ہیں۔ بلوچستان حکومت اپنے اندر زلزلوں اور بغاوت کا شکار ہے۔ حکمران بے حسی کا شکار ہیں۔
لیاقت بلوچ نے افغانستان میں مسلسل دہشت گردی، مساجد اور عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 45 سال سے عالمی استعماری قوتیں غلطی اور ہار ماننے کی بجائے سازشوں اور دہشت گردی سے بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ پاکستان کے عوام افغان عوام کے ساتھ ہیں۔ حکومت پاکستان تذبذب سے باہر آئیں اور افغان عوام کی فتح تسلیم کریں اور پشتی بان بنیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت امریکی سازشوں اور مفاداتی جال کے چکرمیں نہ آئے۔ امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دیتا ہے اور دوستوں کو ہی عبرت بنا دیتا ہے۔ امریکی قیادت سے ملاقاتیں اور ٹیلی فون کا لز کا پاکستان کو پہلے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بدلتی صورت حال میں حکومت تنہا ہے۔ بڑے چیلنجز آزاد، خود مختار اقوام کی حیثیت سے جرأت مندانہ اقدامات کے لئے قومی متفقہ پالیسی اور ایکشن پلان بنایا جائے۔ قومی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بڑا خطرہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت عملاً ہر محاذ پر ناکام ہے۔ ہرموڑ پر عوام کو دھوکا اور نئے زخم لگائے جا رہے ہیں۔ حکومت کا سب سے بڑا جرم اور ناکامی احتساب کو متنازع بنانااور کرپٹ مافیا کا تحفظ ہے۔نیب قوانین میں آرڈیننس کے ذریعے متنازع ترامیم سے نیب اور احتساب کو دفن کر دیا گیا ہے۔ حکومت آرڈیننس واپس لے اور پانامہ، پنڈورا پیپرز،قرضے معاف کرانے والوں، میگا سکینڈلز کے احتساب کے لئے شفاف اور غیرجانبدارانہ نظام لانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لایا جائے۔ قومی مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہو۔