News Detail Banner

دنیا کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی پیروی میں ہے،حافظ محمد ادریس

2سال پہلے


لاہور08 اکتوبر2021ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبی مہربانؐ کی آمد پر ظلمت کے اندھیرے ختم ہو گئے۔ اسلام کی روشنی پوری دنیا میں پھیل گئی۔ عدل و انصاف کا بول بالا ہونے لگا۔ مظلوموں اور پسے ہوئے لوگوں کی محرومیاں دور ہو گئیں۔ غلامی کا دور ختم ہو ا۔ عقیدہ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ کارٹون بنانے والے ملعون کا انجام پوری دنیا نے دیکھا، وہ آگ میں جل کر عبرت ناک موت مرا۔ دنیا کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی پیروی اختیار کرنے میں ہے۔ اصل مسائل کی جڑ طاغوتی نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ ادریس نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ آئے روز عوام فاقہ کشی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انصاف کا حصول غریب کے لیے مشکل بنا دیا گیا۔ الیکشن میں عوام کو بڑے سبز باغ دکھائے گئے اور کہا گیا کہ تیل، بجلی اور گیس کے نرخ بڑھیں تو سمجھ لیں کہ حکمران کرپشن کر رہے ہیں۔ آج منہ زور مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ گھر کا چولھا جلانا مشکل ہو گیا ہے۔ غریب غربت کی دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔ بے رحم حکومت کہتی ہے کہ سب اچھا ہے۔ حکمران محل سے باہر نکل کر بازار کا دورہ کریں تو آٹا اور دال کی قیمتوں کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جو شخص ہدایت حاصل کرنا چاہتا ہے وہ سیرت مصطفیؐ کا مطالعہ کرے۔ نبی کریمؐ کی پوری زندگی انسانیت کی فلاح اور ہدایت پر مشتمل ہے۔