News Detail Banner

حکومت پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے ریاستی امورچلانے سے باز رہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور07 اکتوبر2021ء

سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان ایک نظریاتی اسلامی ریاست ہے۔ سیکولرایجنڈے کوپروان چڑھانے والی قوتیں جان لیں کہ ملی یکجہتی کونسل سمیت مذہبی قوتیں ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوں گی او رپاکستان کوایک حقیقی اسلامی نظریاتی ملک بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ملک میں مذہبی روادری اور اتحاد امت کے لیے کونسل حسب سابق اپناموثرکرداراداکرتی رہے گی۔ تحفظ ناموس رسالت ؐہمارے عقیدے کاحصہ ہے۔ ختم نبوتؐ  قوانین کے خلاف کسی بھی سازش کا متحدہوکر منہ توڑجواب دیں گے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب کے تنظیم نواجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پرگفتگوکرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی عہدیداران علامہ عارف واحدی،سیدمحمدصفدرشاہ،محمداقبال بہشتی،محمد یعقوب شیخ،سیدثاقب اکبر،نومنتخب صوبائی صدرڈاکٹرطارق سلیم،سیکرٹری جنرل سیدجعفرشاہ سمیت دیگرمرکزی وصوبائی قائدین شریک ہوئے اوراظہارخیال کیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ ملک کی موجودہ بدترین معاشی صورتحال میں عوام کی بڑی تعدادخط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبورہے جوانتہائی تشویشناک ہے حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کوریلیف دیں۔اجلاس نے حکومت کوخبردارکیا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے ریاستی امورچلانے سے گریزکیا جائے،مقبوضہ کشمیر میں قائدحریت سیدعلی گیلانی اور شیخ تجمل الاسلام کی رحلت پرشرکاء نے انتہائی غم کا اظہارکرتے ہوئے آزادی کشمیر کے لیے ان قائدین کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔اعلامیہ میں افغانستان کی صورتحال پرامریکہ اوراس کے اتحادیوں کی ذلت آمیزپسپائی اورحالیہ تبدیلی کے تناظرمیں افغان عوام کے لیے نیک خواہشات کااظہارکیا گیا۔

قائدین نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کی فلاح وبہودسیاسی استحکام اور امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنا ہے لیکن ا س کے پاس کوئی واضح ایجنڈا موجودنہیں جس کے نتیجے میں ملک درست ٹریک پرچل سکے اورمسائل کا خاتمہ ہو،حکمران تصادم کی بجائے عوام کے مسائل کے حل کے لیے موثرعملی اقدامات کریں۔قبل ازیں اجلاس میں مرکزی انتخابی کمیٹی نے پنجاب شمالی کے لیے صوبائی عہدیداران کے انتخابات کاپراسس مکمل کیا جس کے مطابق آئندہ 3سال کے لیے جماعت اسلامی سے وابستہ ڈاکٹرطارق سلیم کو صوبائی صدرملی یکجہتی کونسل منتخب کیا گیا۔ سیدجعفرنقوی کوسیکرٹری جنرل،پیردانش بشیرحیدری،عبدالرحمن،مولاناعبدالخالق اسدی،سیدعارف شیرازی،علامہ حیدری،علامہ نعیم الحسن نقوی،قاضی محمدجمیل جابر،مولانا غلام قاسم جعفری نائب صدور، سیدنجیب الحسن نقوی،زاہدہمدانی،انجینئرنصراللہ رندھاوا،صاحبزادہ حسیب نظیری،مولانا ملک عرفان حسین،سیدمحمدہادی کوڈپٹی سیکرٹری جنرل،انعام الحق اعوان صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور چوہدری منیراحمدکوفنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔