پوری قوم موجودہ حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہے،امیرالعظیم
3سال پہلے
پشاور 07/ اکتوبر 2021ء
جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ پوری قوم موجودہ حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہے۔قوم سے جو وعدے کئے گئے ان میں سے ایک بھی ایفاء نہیں ہوا۔پاکستان میں منی لانڈرنگ آسان اور مسجد بنانا مشکل ہوگیا ہے۔عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے عفریت کا سامنا ہے۔تعلیم کا حصول اس حکومت میں بہت مشکل ہوگیا ہے۔تعلیم کو پرائیوٹائز کر دیا گیا ہے۔ڈالر کی قیمت میں اضافے سے آئے روز سٹاک ایکسچینج بیٹھ رہی ہے۔پینڈورا پیپرز سے پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ مزید آسان ہوگئی ہے۔جماعت اسلامی یوتھ 31 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف رخ کرنے کا اور دھرنے کا ارادہ کیا ہے۔جے آئی یوتھ کا یہ پروگرام پرامن ہوگا۔نوجوان ایک کروڑ نوکریاں لینے اسلام آباد آرہے ہیں۔وسائل کی صحیح تقسیم سے نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔حکومت ہمیں روکنے کے بجائے نوجوانوں کے لئے وہاں نوکریاں دینے کے پلان کا اعلان کرے۔احتجاج کی سربراہی امیر جماعت سراح الحق کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر عنایت اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں صہیب الدین کاکا خیل،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر صدیق الرحمن پراچہ، نائب صدر مشتاق محمد،نور غلام آفریدی و دیگر شریک تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ باریاں لینے کے چکر سے نکلنے کی کوشش کریں۔جیسے وزیراعظم کو احتجاج کا حق حاصل تھا اب دوسروں کو بھی احتجاج کی اجازت دینگے۔جماعت اسلامی اب دفتروں کی بجائے سڑکوں پر رہے گی۔ حکومت نے تین سال میں عوام کو لولی پاپ کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ مہنگائی اور بیروزگاری اس وقت ملک کے اہم مسائل ہیں۔ پنڈورا پیپرز نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان سے ڈالر باہر منتقل کرنا بہت آسان ہے۔ فواد چوہدری نے کونسی نوکریاں دی ہیں۔ پریس کانفرنس سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا کہ ہرسکینڈل میں حکمران طبقہ ہی نظر آتاہے۔مہنگائی اوربیروزگاری عروج پر ہے۔ 35 لاکھ نوجوان بیروزگارہوچکے ہیں۔ ضم اضلاع کے لیے 100ارب کاپیکج دینے کااعلان کیاگیالیکن عمل نہیں ہورہاہے۔پارلیمان، عدلیہ اورمیڈیاسب ہی بے وقعت کیے گئے ہیں۔فواد چوہدری بتائے کہ ایک کروڑ نوکریاں کسے دی ہیں۔ فواد چوہدری کو ادارہ شماریات کی رپورٹ پڑھنی چاہئے۔جے آئی یوتھ کے خیبرپختونخوا کے صدر صدیق الرحمن پراچہ نے کہا کہ نوجوان حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہوچکے ہیں۔نوجوانوں کے لئے حکومت کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔حکومت اپنے تمام دعوؤں اور وعدوں سے پھر گئی ہے۔نوجوان مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔