News Detail Banner

کنٹونمنٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،سراج الحق

3سال پہلے

لاہور06 اکتوبر2021ء

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی سمیت پنڈی اور نوشہرہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی پیش رفت اور کامیابی سے حوصلہ اور جذبہ ملا ہے،نئے مواقع اور امکانات پیدا ہوئے ہیں،جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،حالات کروٹ لے رہے ہیں،پینڈورا پیپرز میں جماعت اسلامی کا کہیں دور دور تک نام نہیں جبکہ دیگر پارٹیوں کے لوگوں کے چہرے اترے ہوئے ہیں،شفاف تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے تفتیشی سیل کو مسترد کرتے ہیں۔پی ٹی آئی کے احتساب کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ تینوں بڑی پارٹیاں بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہیں۔ کراچی میں جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی اور مسائل حل کیے ہیں،آئندہ بھی واحد جماعت اسلامی ہی اہل کراچی کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی آمد کے موقع پر ادارہ نورحق میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے نومنتخب نمائندوں کے ساتھ ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نشست میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 7سے ذکر محنتی،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 9سے احمد یاسر،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 1سے کرنل ملک محمد رضا،کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 5سے محمد ریحان اقبال مگوں اورکنٹونمنٹ بورڈ فیصل وارڈ2سیدابن الحسن ہاشمی نے مختصرا اپنا تعارف پیش کیا اور اپنے وارڈز کی تفصیلات،مسائل اورکامیابی کے حوالے سے آگاہ کیااوربتایا کہ پانی کی قلت، کچرا کنڈی کے ڈھیر،ہائی رائز بلڈر مافیا حکومتی جماعتوں میں شامل افراد کی سرپرستی میں شہر بھر میں قابض ہیں، تمام حکومتی اداروں میں کرپٹ مافیا مسلط ہے، ہم جماعت اسلامی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کی بے لوث خدمت کریں گے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء کراچی راجا عارف سلطان، محمد اسحاق خان، عبد الوہاب،مسلم پرویز، سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سکریٹری یونس بارائی، امراء اضلاع شاہد ہاشمی،توفیق الدین صدیقی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہاکہ ملک میں کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرگیا ہے،ہمیشہ انتخابات میں بھی خرید و فروخت کا سلسلہ رہتا ہے،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے دور ہے،ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جماعت اسلامی ملک میں کرپشن فری نظام نافذ کرے گی۔سراج الحق نے کراچی کی ابتر حالت اور عوام کو درپیش بے شمار مسائل اور مشکلات کا ذمہ دار موجودہ اور ماضی کی وفاقی وصوبائی حکومتوں، حکمران پارٹیوں اور نااہل بلدیاتی قیادت کو قراردیا اور کہا کہ آج کراچی کے عوام جن سنگین حالات سے دوچار ہیں یہ حالات چند دنوں یا مہینوں میں پیدا نہیں ہوئے بلکہ برس ہا برس سے یہاں پرقائم ہونے والی حکومتوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی،بڑے افسوس اورحکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کے لوگوں کو پینے کا پانی میسر نہیں اور پانی کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ بنا ہواہے،شہریوں کو صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سڑکوں کی خستہ حالی نے گھیرا ہوا ہے،تین کروڑ سے زائد لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا عملاً کوئی مؤثر نظام نہیں ہے،معمولی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے،بلدیاتی ادارے موجود نہیں ہیں،اربوں کے پیکجز کے اعلانات تو کردیے جاتے ہیں لیکن پیسے خرچ نہیں کیے جاتے اور کراچی کے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے کہیں شنوائی نہیں ہوتی،آخر کراچی کے عوام کہاں جائیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت نے کراچی کے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے،عبد الستارافغانی اور نعمت اللہ خان نے خدمت اور دیانت کی ایسی مثالیں قائم کی ہیں کہ لوگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں اور مخالفین بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں،موجودہ حالات میں بھی صرف جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کے غموں اور دکھوں کا مداوا کرسکتی ہے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید برآں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گلستان جوہر میں خانقاہ بخاریہ کے سرپرست پیر سید شریف الدین بخاری اور پیر عثمان مصطفی راشدی سے ملاقات اور ان کے ظہرانے میں شرکت کی۔ رہنماوں نے اتحاد امت اور ظلم کے نظام کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پیر غلام مجدد سرہندی، پیر حضوربخش حضوری، مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، علماء مشائخ رابطہ کونسل سندھ کے صدر حافظ نصراللہ عزیز، صوبائی نائب امیر ممتازحسین سہتو، قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، امیر حلقہ کراچی حافظ نعیم الرحمن، مسلم پرویز، عبدالوہاب، محمد یونس بارائی اور مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔