News Detail Banner

موٹروے کھیوڑہ نمک روڈ کی فوری تعمیرکی جائے،فرید احمد پراچہ

3سال پہلے


لاہور06 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے موٹروے کھیوڑہ نمک روڈ کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیوڑہ نمک کان 1872ء سے پورے برصغیر کو نمک فراہم کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کھیوڑہ، پنڈداد خان، کٹاس، چواسیدن شاہ جیسے تاریخی و سیاحتی مقامات کو موٹروے سے لنک کرنے والی سڑک خود آثار قدیمہ بن چکی ہے۔ موٹروے سے اترتے ہی معلوم ہوتا ہے کہ انسان اکیسویں صدی سے یک لخت انیسویں صدی میں آ گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کھیوڑہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد پریس نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے، نیز کھیوڑہ، پنڈدادخان اور للہ ٹاؤن کی آبادیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے منظور کیے جائیں۔ تقریب سے الخدمت شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد، سٹی لائنز کلب راولپنڈی اور نیچر کلب راولپنڈی کے مطلوب الٰہی پراچہ، سہیل محمود پراچہ نے بھی خطاب کیا۔