News Detail Banner

جماعت اسلامی کی حب الوطنی کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا،حافظ ادریس

2سال پہلے

لاہور04 اکتوبر2021ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ مہنگائی کے طوفان میں ہر چیز بہہ گئی۔ حکمران کہتے ہیں گھبرانا نہیں، عوام گھبرا نہیں بلکہ پچھتا رہے ہیں۔ سنہری خواب دکھانے والوں نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ بچے بھوک سے نڈھال، بڑے غربت و بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ جماعت اسلامی کی حب الوطنی اللہ کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ ماضی میں جب بھی حکمرانوں نے جماعت اسلامی پر الزامات لگا کر غیر دستوری اقدام کیا ہے، تو عدالتوں نے قلعی کھول دی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی راہنمااور بلوچ لیڈرہدایت الرحمن کے خلاف کئے گئے ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں علما کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

حافظ ادریس نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے جلتی پر تیل ڈالا۔ لنگرخانے بنانے سے گھروں کے چولھے روشن نہیں ہوتے اور نہ ہی ہر کسی کو لنگرخانے کا کھانا نصیب ہوتا ہے۔ معیشت کا پہیہ جام جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ سودی نظام اصل فساد کی جڑ ہے جس سے ملک ترقی نہیں بلکہ زوال کی طرف بڑھتا ہے۔ آج ہم سود در سود قرضوں کی دلدل میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔ آئی ایم ایف ہمارے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام ہی انسانیت کو جینے کا حق دیتا ہے۔ اللہ کا قانون انسانوں کو انسانوں کی غلامی نکال کر ایک رب کی اطاعت و فرمابرداری کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔