News Detail Banner

نادرشاہی کا دور بیت گیا،اب جمہوری زمانہ ہے، حافظ محمد ادریس

3سال پہلے

لاہور03اکتوبر2021ء 

جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے قیم جماعت اسلامی بلوچستان ہدایت الرحمن بلوچ کے خلاف حکومتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر میں مقامی لوگوں کے حقیقی مسائل حکمرانوں تک پہنچائے اور ان کے حل کا مطالبہ کیا  ہے۔ گوادر میں ایک تاریخی اور بے مثال عوامی جلسے میں ان کا خطاب عوامی مسائل اور عا م آدمی کے جذبات کا ترجمان تھا۔ اس محب وطن سیاسی راہنما کے خطاب کو بنیاد بنا کر اسے فورتھ شیڈول میں ڈالنے کا فیصلہ ظلم پرمبنی نادر شاہی حکم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہدایت الرحمن بلوچ نے سیاسی ودینی راہنما کے طور پر اپنا فرض ادا کیا ہے اور بلوچ قوم نے ان کی مدلل گفتگو کی بھر پور تائید کی ہے۔ اس طرح کے حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں مظلوم عوام کے دلوں میں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نفرت بڑھتی ہے۔ اور امن وامان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ملک کی اندرونی اور سرحد کے دونوں جانب کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمرانوں اور بیورو کریسی کے منصب داروں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حب الوطنی کو اللہ کے فضل سے کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ ماضی میں جب بھی نشہ اقتدار میں بدمست حکمرانوں  نے جماعت اسلامی پر الزامات لگا کرغیر دستوری اقدام کیا ہے جس کی  عدالتوں نے قلعی کھول دی ہے۔ حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جماعت اسلامی کے صوبائی راہنمااور بلوچ لیڈرہدایت الرحمن کے خلاف کئے گئے ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے اور عوام کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے حق سے محروم نہ کیا جائے۔حکمرانوں کا ظلم حدوں سے بڑھ جائے تو عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوجاتا ہے۔ ملک ایسی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔