News Detail Banner

امریکہ اس خطے سے نکل گیا،اب امریکہ کے اشاروں پر چلنے والوں کو نکالنا ہو گا،سراج الحق

3سال پہلے


لاہور02 اکتوبر2021ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک ایک تماشا بن گیا ہے۔ سات دہائیاں گزر گئیں، وہ منزل حاصل نہیں کرسکے جس کی خاطر کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دی تھیں۔ قوم کے مسائل کی ذمہ دار ملک کے وسائل پر قابض ظالم اشرافیہ ہے۔ پی ٹی آئی کو بھی لوگوں نے دیکھ لیا۔ نااہل حکمرانوں نے مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکا دیا۔ ثابت ہوگیا حکمران ٹولہ کو غریب کی پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں۔ وزیراعظم روزانہ تقاریر سے محلات تعمیر کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت پاکستان کی شہ رگ کا بھی سودا کر چکی ہے۔ طالبان کی حکومت کو تسلیم کر کے بھارت کو افغانستان سے نکالنا ہو گا۔ ہمارے وزیراعظم صاحب کا کوئی فون نہیں سنتا اس سے زیادہ اس ملک کی اور کیا تذلیل ہو سکتی ہے۔ پی ٹی آئی کو قوم پرمسلط کرنے والے بھی پریشان ہیں۔ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کی بات کرتی ہے۔ ہمارا ایجنڈا ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ کمیونزم زمین بوس ہوگیا، سرمایہ دارانہ نظام آخری ہچکیاں لے رہا ہے۔ اسلامی نظام کی ضرورت صرف پاکستان کو ہی نہیں پوری انسانیت کو ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان پوری دنیا کے لیے امید کی شمع ہیں۔ ہمیں ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب برپا کرکے اس روشنی سے تمام دنیا کے انسانوں کے دلوں کو منور کرنا ہے۔ نبی مہربانؐ پوری کائنات کے لیے رحمت ہیں۔ ہمیں حضور ؐکے اسوہ سے سب کو روشناس کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان سب سے پہلے اپنی ذات میں انقلاب برپا کریں پھر اس تبدیلی میں سارا معاشرہ تبدیل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور دیگرقیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے عوام کے مسائل کو مکمل طور پر پس پشت ڈال دیا۔ لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے فاقوں مر رہے ہیں۔ مہینے کے آغاز میں ہی پیٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور سی این جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ حکومتی وزیرپیٹرول کی قیمتوں کا موازنہ دوسرے ممالک سے کرتے ہیں، مگر کیا وہ دوسرے ممالک کے عوام کو دستیاب دیگر سہولیات کا بھی پاکستانیوں کو میسر سہولیات سے موازنہ کرنا پسند کریں گے۔ حالات اس قدر پریشان کن ہیں کہ اکیسویں صدی میں بھی ملک کے لاکھوں شہری بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔ کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں۔ فیڈرل کیپٹل اور راولپنڈی میں لاکھوں افراد بے روزگار ہیں۔ پی ٹی آئی نہ صرف داخلہ محاذوں پر ناکام ہوئی بلکہ اس کی خارجہ پالیسی بھی ناکامی سے دوچار ہے۔ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا اور مغربی طاقتوں کے اشاروں پر پاکستان میں دین کے خلاف قانون سازی میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر لوگوں کو دھوکا دیا۔ حکمران اب مکمل ایکسپوز ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ قوم اب ان حکمرانوں کے دھوکا میں نہیں آئے گی۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ اسلام آباد دارلحکومت ہونے کے باوجود مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ہر آنے والا سورج  نئے مسائل کے ساتھ طلوع ہوتا ہے۔ اسلام آباد جیسے بین الاقوامی شہر میں ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس خطے سے نکل گیا ہے اور اب ہمیں امریکہ کے اشاروں پر چلنے والوں کو نکالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا حکومت ملک میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ہمارے وزیراعظم بیان دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔اسلام آباد میں اسامہ ستی اور نورمقدم کو اس نظام نے انصاف نہیں دیا۔ کارخانوں سے بات چل کر لنگر خانے تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت ملک مکمل طور پر IMF کے نرغے میں دے چکی ہے۔ اسلامی پاکستان سود پر چل رہا ہے۔

سراج الحق نے کارکنان جماعت اسلامی کو ہدایات دیں کہ وہ جماعت کا منشور اپنے علاقے میں ہر فرد تک پہنچائیں۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ ہم پاکستان کو کرپشن فری دیکھنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ہسپتالوں کی صورت حال ٹھیک کرے گی۔ پولیس، بیوروکریسی کو عوام کی خدمت پر لگایا جائے گا۔ عدالتوں کے نظام کو درست کریں گے۔ ایک غریب آدمی کی ساری زندگی عدالتوں کے دھکے کھانے میں گزر جاتی ہے، مگر اس کو انصاف نہیں ملتا۔ جماعت اسلامی تعلیم کے نظام کو جدید اور اسلامی اصولوں کے تابع کرے گی۔ تعلیم کے دروازے غریب اور امیر پر یکساں کھلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ قوم آزمائے ہوئے لوگوں سے تنگ آ چکی ہے۔ ان شاء اللہ جماعت اسلامی کو ملک و قوم کی خدمت کا موقع ضرور ملے گا۔ 73برسوں سے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے اب یہ ظلم و ناانصافی بند ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کا مقدمہ پوری جرأت اور توانائی سے لڑ رہی ہے اور ہم اللہ کی مدد و نصرت سے اپنی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔