News Detail Banner

عمران سرکار نے عوام دشمنی کی انتہا کر دی ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور02 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جامع العلوم الاسلامیہ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی بندگی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت، مخلوقِ خدا کی خدمت اور قرآن وسُنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کرنا اہلِ ایمان کا دینی فریضہ ہے۔ دُنیا میں انسانوں کو غلام بنانے کے لئے اشتراکیت، سوشلزم، سیکولرازم، مادہ پرست مغربی تہذیب اور سرمایہ دارانہ استحصالی نظام ناکام ہو گئے ہیں۔ مستقبل دین فطرت اسلام کا ہے۔ پوری امت دینی مشترکات پر متحد ہو جائے۔ فرقہ واریت، تکسیریت اور اپنے اپنے مسالک میں محدود ہو جانے کی بجائے اسلام کے وسیع تر،عالم گیر اور ہمہ گیر نظام کو اختیار کیا جائے۔پاکستان کو مثالی اسلامی ریاست بنانے کے لئے قرارداد مقاصد، اکابرعلماء کے 22 نکات ملی یکجہتی کونسل کا 17 نکاتی ضابطہ اخلاق اور آئین پاکستان متفقہ قومی دستاویز میں قومی قیادت مقتدر طبقے اور پالیسی ساز اعتراض بند کریں اور عمل کے پابند ہوجائیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں، بجلی کے ٹیرف، گیس اور ٹیکسوں کی شرح میں مسلسل اضافہ نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ عوام کے آنسو خشک اورخشک حلق سے اب چیخیں بھی بلند نہیں ہو رہیں۔ عمران سرکارنے عوام دشمنی کی انتہا کر دی ہے، اب یہ نوشتہ دیوار ہے کہ حکومت بے صلاحیت اور نااہل ہے۔حالات کا سدھار ان کے ہاتھوں ناممکن ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے آئین، قرآن وسُنت اور جمہوری پارلیمانی اقدار سے متصادم قانون سازی کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی مہنگائی،بے روزگاری اور عوام دشمن نظام کے خلاف ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔

لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین نیت اور اعمال کی خرابیوں کی وجہ سے بڑی دھاندلی اور تنازعات کا باعث بنے گی۔ انتخابی اصلاحات کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو متفقہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دیوار سے لگانے کی بجائے بااختیار بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر اختیارات دیے جائیں۔