News Detail Banner

حکومت اور قومی قیادت کوقومی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور28 ستمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سیاسی انتخابی قومی امور نگران لیاقت بلوچ  نے جماعت اسلامی پاکستان کے ناظم مالیات نذیر احمد جنجوعہ سے اُن کی اہلیہ کے انتقال پراظہارِ تعزیت کیا اور مِلی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر کے ساتھ صوبوں میں عہدیداران کے چناؤ اور اسلام آباد، کراچی، لاہور میں تحفظ نظریہ اسلامی پاکستان قومی سیمینارز کا لائحہ عمل ترتیب دیا۔ اسلام آباد میں معروف سماجی سیاسی رہنما اسد خان کے عصرانہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے مقصد بے اصولی اور مفاداتی سیاست کی وجہ سے ملک بحران در بحران کا شکار ہے۔ ملک وملت کو حقیقی چیلنجز درپیش ہیں۔ قومی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے حکومت اور قومی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ قومی ترجیحات پر قومی اتفاق رائے وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین اسٹیٹس کو اور رشوت وکرپشن کے بڑھتے ہوئے سونامی کی وجہ سے ساکھ اور مقبولیت زمین بوس ہو رہی ہے۔ حکومتی ہرکاروں کے پاس حکومتی دفاع کے لئے اب کوئی حربہ باقی نہیں بچا۔ وزیراعظم انتخابی اصلاحات کے لئے قومی ڈائیلاگ اور قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں۔ ریاستی وسائل سے پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومتی اور ریاستی اداروں کی یہی انتخابی دھاندلی اور انتخابی انجینئرنگ ہے۔ عوام اب کسی قیمت پر دھاندلی زدہ انتخابی عمل قبول نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی پورے ملک میں مہنگائی بے روزگاری، اسٹیٹس کو اور کرپشن کے خاتمہ اور انتخابی جمہوری کرپشن اور دھاندلی کا راستہ روکنے کے لئے ملک گیر جدوجہد کرے گی۔ ملی یکجہتی کونسل کا صوبائی تنظیموں کے انتخابات اور اسلامی نظریاتی محاذ اور اسلامی تہذیبی قوانین کی حفاظت کے لئے قومی سیمینارز کراچی، لاہور، اسلام آباد کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ حقیقی اور اصولی دینی جماعتیں اسلامی اور قومی کردار ادا کریں گی۔