News Detail Banner

جماعت اسلامی نے غلبہ دین،قرآن وسنت کی بالادستی اور اتحاد امت کی جدوجہد کو مسلسل جاری رکھا ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور26اگست2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے 80ویں یوم تاسیس کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے اسلامی،نظریاتی دینی کارکنوں کے لئے مقام شکر ہے کہ جماعت اسلامی نے غلبہ دین،قرآن وسنت کی بالادستی اور اتحاد امت کی جدوجہد کو مسلسل جاری رکھا۔ہر رکاوٹ آزمائش قید وبند پابندیوں کے باوجود یہ سفر جاری رکھا گیا ہے۔ 26 اگست کارکنوں کے لئے نئے عزم ویقین اور اللہ سے کئے گئے عہد کے تجدید کا دن ہے۔ بہار ہو کہ خزاں اللہ کے دین کی حکمرانی اور محمدؐ کی شریعت کے غلبہ کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ جماعت اسلامی نے سیاسی وقومی محاذ پر جمہوریت، آئین کی پاسداری، انسانی حقوق کے تحفظ، انسانوں کی بے لوث خدمات اور کارکنان کی عزت نفس،ذہن سازی اور کردار سازی کے عمل کوجاری رکھا ہے۔ جماعت اسلامی غلبہ دین، عدل وانصاف، آزاد ذمہ دار میڈیا، شفاف اورغیر جانبدارانہ انتخابات اور سول ملٹری، اسٹیبلشمنٹ، سیاسی پارلیمانی محاذوں کو آئین کا پابند بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کے نام پر پی ٹی آئی حکومت قوم کو دھوکہ اور آئین پاکستان کے راہنما اصولوں سے انحراف کر رہی ہے۔یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ کے لئے تعلیم کو اسلامی شریعت کے قالب میں ڈھالنے کا اصول اپنانا ہو گا۔حکومت کی چھتری تلے انٹرنیشنل این جی اوز، سیکولر غلام ذہنیت، خوشنمانعروں اور عنوانات سے اپنا غیر آئینی کھیل مسلط کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان دھوکے بازوں کے حصار سے نکل آئیں۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان میں امریکی شکست اور افغان عوام کی فتح دیوار پر لکھا تھا، طویل جنگ نے افغانوں کو طاقتور اور مالدار بنا دیا اور امریکہ کا غرور،تکبر اور معیشت خاک میں مل گئی۔عالم اسلام اتحاد امت کا اصول اختیار کریں۔ افغانستان کے خلاف اسلام دشمن سازشوں اور حرکات کا سدباب کریں۔ 31 اگست تک امریکہ تو اب نکل جائے گا لیکن مکروہ سازشوں کے کھیل امریکہ بھارت اسرائیل کی ترجیحات ہیں۔ حکومت پاکستان تذبذب سے باہر آئے اور افغانستان پر قومی متفقہ حکمت اور جرات پر مبنی لائحہ عمل بنائے، مجاہدین کی کامیابی، نائن الیون کے بعد خوف اور بزدلی کا مائنڈ سیٹ پاکستان کے لئے تباہی کا باعث بنا۔