News Detail Banner

حقیقی تبدیلی لا نے کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 26۔اگست  2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی نے کارکنان کو ٹاسک دے دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کنٹونمنٹ بورڈ کی بیشتر نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کردیے ہیں۔ حقیقی تبدیلی لانے  کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں خدمت کی سیاست کرنے والوں کو کامیاب کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی نے ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر خدمت خلق کی ہے۔ حکمران اپنے تمام تر خوشنما نعروں کے باوجود، عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ لوگوں کے جذبات کو جس انداز میں موجودہ حکمرانوں نے مجروح کیا، ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام تینوں جماعتوں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ملکی معاشی پالیسیوں کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ انٹر بینک میں ڈالر 166روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ قرضوں پر قرضے حاصل کرکے ملک پہلے چلایا گیا اور نہ ہی آئندہ چلایاسکتا ہے۔ سودی معیشت ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود چینی اور گندم باہر سے منگوا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کے خوفناک نتائج قوم دیکھ رہی ہے۔ بجلی پر 170ارب روپے سبسڈی میں کٹوتی کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ جس سے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔