ہمیں توقع ہے کہ طالبان دیگر گروہوں کو اپنے ساتھ شامل کر کے ایک وسیع البنیاد حکومت قائم کریں گے،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور25اگست2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامیت اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ چالیس سال سے جو خون بہہ رہا ہے، وہ اب بند ہو جائے اور وہاں امن قائم ہو تاکہ وہاں کے عوام معمول کی زندگی گزار سکیں، ہمارا خیال ہے کہ اس مرتبہ طالبان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔ ہم نے ان کے وفود سے ملاقات میں اس کو محسوس کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سیدمحمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران کیا۔
افغانستان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی شکست ایک تاریخی موقع ہے اور ہم سب کو مل کر اس کو امت مسلمہ کی تہذیبی فتح میں تبدیل کرنا چاہیے۔ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لیے ایران اور پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سیاسی استحکام کے ساتھ طالبان کی نئی حکومت کو معاشی بحران کا بھی سامنا ہے، اگر ایران اور پاکستان مل کر حمایت نہ کریں تو دشمن ممالک حالات کو خراب کرنے کی سازش کر سکتے ہیں اور افغانستان میں عدم استحکام کا پورے خطے کو نقصان ہوگا،ہمیں توقع ہے کہ طالبان دیگر گروہوں کو اپنے ساتھ شامل کریں گے اور ایک وسیع البنیاد حکومت قائم کریں گے۔