تبدیلی کے نام پر مافیاز ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور23اگست2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر مافیاز ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے احتساب و انصاف کو قبر کھود کر دفن کر دیا۔ وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ ظالم اشرافیہ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے فاقوں مر رہے ہیں، بے روزگاری اور غربت گھر گھر ناچ رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرضوں کا حصول ملک کی آزادی و خودمختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ بیرونی آقاوں کو خوش کرنے کیلئے بنائی گئی معاشی،خارجہ وداخلہ پالیسیاں مملکت کی وحدت اور مضبوطی و استحکام کو تاراج کرسکتی ہیں۔ دورس اثرات کی حامل ملکی مفاد سے ہم آہنگ خارجہ پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ افغانستان میں اسلامی حکومت کو تسلیم کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کرے اور امریکہ اور یورپی طاقتوں کی طرف نہ دیکھا جائے۔ یقین ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام آئے گا، مستقبل میں پاک افغان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ افغانستان میں ایمان اورجذبہ حریت کو فتح جب کہ مادی وسائل اور استعمار کو شکست فاش ہوئی۔ امت مسلمہ کو غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین پر بھی آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی سندھ کے دورہ کے بعد پیر کو جماعت اسلامی کے مرکز لاہور پہنچے۔ سندھ میں دیگر مصروفیات کے علاوہ انھوں نے جماعت اسلامی کے 80ویں یوم تاسیس کے حوالے سے میرپور میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ انھوں نے کراچی کے عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں اجتماع عام بسلسلہ تاسیس جماعت اسلامی و بیاد سید منور حسن سے بھی خطاب کیا۔دیگر مقررین میں مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو،امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری محمد اصغر،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،سینئرصحافی،تجزیہ وکالم نگار مظہر عباس،سید منور حسن کے انتہائی قریبی رفقاء و ساتھی پروفیسر سعید عثمانی،شفیع نقی جامعی اور نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی شامل تھے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن ریفارمز ملک کی سب سے اہم ضرورت ہیں۔ من پسند افراد کو منتخب کرانے کی روش، عوام کو جمہوری نظام سے باغی کردے گی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو داخلہ و خارجہ فرنٹ پر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکمران کشمیر کو آزاد کرانے کے بجائے قوم کو ڈرا رہے ہیں، اگر بے سروسامانی مگر ایمان ویقین سے مالا مال افغان دو سپر طاقتوں روس و امریکہ کو شکست دے سکتے ہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ کشمیریوں کو بھارت غلام بنا کر رکھ سکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن و تابناک اور محفوظ مستقبل ملک میں آئین اور شریعت کی بالادستی سے ممکن ہے۔اسلامی پاکستان بناکر ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے۔ عوام جماعت اسلامی کی دیانتدار باصلاحیت اور محب وطن قیادت پر اعتماد کرے۔ قوم آئندہ الیکشنز میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت اور اقامت دین کی تحریک ہے۔ سید مودودیؒ نے 80سال قبل اس کی بنیاد رکھی اور اسی بنیاداور مقصد کے تحت جدوجہد جاری ہے۔ سید منور حسن ایک فرد نہیں بلکہ جہد مسلسل تھے، وہ صبح شام تحریک و تحرک اور مزاحمت کا استعارہ تھے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ اپنی ساری زندگی،مال، وقت اور تمام تر صلاحیتیں تحریک میں لگائیں گے اور زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک اقامت دین کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ ایک پر امن اور اسلامی افغانستان پاکستان سمیت پورے عالم اسلام کی ضرورت ہے۔ پاکستان، اسلامی دنیا اور عالمی برادری افغانستان کے زمینی حقائق اور جمہور کی آواز کو تسلیم کرے۔ افغانستان کو دوبارہ غیر مستحکم کرنا پورے خطے کے عوام کے مستقبل سے کھیلنے اور اسے آگ کے شعلوں میں لپیٹنے کے مترادف ہو گا۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی منی پاکستان اور عالم اسلام کا اہم شہر ہے،ہمارا عزم اور عہد ہے کہ اسے تنہا نہیں ہونے دیں گے،اسے سنواریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے گھمبیر مسائل کے حل کی جدوجہد اور عوامی خدمات جاری رکھے گی۔