News Detail Banner

مادر پدر آزادی چاہنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور:21۔اگست  2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ قومی ایام پر ہلڑ بازی، خواتین کی بے حرمتی قابل مذمت ہے۔ ان واقعات سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔ ون فائیو پر متعدد بار فون کرنے کے باوجود پولیس تاخیر سے پہنچی جو کہ روایتی غفلت کی مثال ہے۔   ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فحاشی اور عریانیت پھیلانے والی سوشل میڈیا کی ایپس اور ویب سائٹس کوفوری طور پر بند کیا جائے۔ نوجوان نسل کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ مادر پدر آزادی چاہنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ گریٹر اقبال پارک واقعہ پرپاکستان کے اسلامی شخص کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا جائے۔ فحاشی و عریانیت کے سیلاب کے سامنے جب تک موثر بند نہیں باندھا جائے گا، اس وقت ان واقعات کی روک تھام ممکن نہیں ہوسکتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ریاست مدینہ کے نعرے کو یقینی بنائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی این جی اوز کا ایجنڈا پاکستان کی نظریاتی اساس اور اس کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا ہے۔اسلامی اقدار اور روایات کو پس پشت ڈال کر مغربی کلچر کو فروغ دینے والے اسلامی معاشرتی نظام کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں جبکہ اس کلچر نے خود مغرب میں خاندانی نظام کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں۔ مغربی معاشرہ اپنی اخلاقی اقدار کو کھوبیٹھا ہے۔ شخصی آزادی کے نام پر پاکستان کو آزاد خیال ریاست بنانے کا خیال کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔