News Detail Banner

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گورنر ہاؤس کے سامنے جماعت اسلامی کا دھرنا گیارھویں روز بھی جاری

2دن پہلے

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گورنر ہاؤس کے سامنے جماعت اسلامی کا دھرنا گیارھویں روز بھی جاری

دھرنے میں مرکزی نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، صوبائی امراء عبدالواسع، عنایت اللہ خان اور عبدالرزاق عباسی سمیت ضلعی امراء کی شرکت
دھرنا پنڈال میں ربیع الاول کی مناسبت سے مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل کا سیرت النبی ﷺ پر مدلل درسِ قرآن

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جماعت اسلامی کے تحت ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گورنر ہاؤس پشاور کے سامنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ظالمانہ لیوی ٹیکسز کے خلاف غیر معینہ مدت سے جاری تاریخی دھرنا گیارھویں روز بھی جاری رہا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان دھرنے کے مہمان خصوصی تھے۔ دھرنے میں پشاور، صوابی، دیر لوئر، باجوڑ، ہری پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی امراء کی قیادت میں کارکنان اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع، سابق سینئر صوبائی وزیر و امیر جماعت اسلامی شمالی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان، امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی اور دیگر ضلعی امراء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے دھرنے کے گیارھویں دن جماعت اسلامی کے تاریخی دھرنے پر زبان کھولی ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ آپ اور آپ کے اتحادی حکمران بے بس ہیں اور آپ کی جماعت کا صوبے سے پہلے ہی صفایا ہوچکا ہے، لہٰذا گورنر صاحب جماعت اسلامی کے تاریخی دھرنے پر بے بنیاد لب کشائی سے آپ گریز کریں۔
مقررین نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور ظالمانہ لیوی ٹیکسز کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ دھرنے کے خوف سےگورنر صاحب کے پشاور چھوڑنے سے دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور گورنر خیبر پختونخوا کی بوکھلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا پاؤں صحیح جگہ پر پڑا ہے۔
دھرنے کے گیارھویں روز پنڈال میں ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ سیرت کانفرنس میں ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل نے مدلل انداز میں درسِ قرآن دیتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کو درپیش مسائل قرآنی تعلیمات سے روگردانی کا شاخسانہ ہیں۔ آج بھی مہنگائی، بدامنی اور دیگر مسائل سے نجات قرآن و سنت کے احکامات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اللہ کا دین عملی طور پر نافذ ہوجائے تو ریاست مدینہ کی طرح ایک مثالی حکومت قائم ہوسکتی ہے، جہاں ہر شہری کو اس کے حقوق اس کی دہلیز پر میسر ہوں گے۔
مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اور ولادتِ باسعادتِ رسول اکرم ﷺ کا دن سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کا بہترین موقع ہے، کیونکہ نبی کریم ﷺ کی سیرت رہتی دنیا تک پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔