News Detail Banner

وزیراعظم شہباز شریف کا حافظ نعیم الرحمن کو فون، امیرالعظیم کی وفات پر اظہارِ تعزیت

6دن پہلے

وزیراعظم شہباز شریف کا حافظ نعیم الرحمن کو فون، امیرالعظیم کی وفات پر اظہارِ تعزیت
چوہدری شجاعت، ڈاکٹر طاہرالقادری، خواجہ سعد رفیق نے تعزیت کی
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کی وفات پر ملک و بیرون ملک سے تعزیتی پیفامات کا سلسلہ جاری

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کے انتقال پر ملک و بیرون ملک سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، مرحوم کے بھائیوں اور صاحبزادوں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو سراہا اور اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو ٹیلیفون کرکے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت و بلندی درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق منصورہ پہنچے، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرکے امیرالعظیم کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی قومی، سیاسی اور دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسلام آباد میں افغانستان اسلامی امارت کے سفارت خانے نے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ مرحوم ایک مدبر، باوقار اور مؤثر رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دین اسلام اور معاشرے کی خدمت میں وقف کیے رکھا۔ سفارت خانے نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، جماعت کے امور خارجہ کے ذمہ دار لقمان قاضی، جماعت اسلامی کے تمام اراکین، مرحوم کے اہل خانہ اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے جنت الفردوس اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا قاری ارشد عبید، شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان، حافظ ابو عبید، مولانا حافظ زبیر حسن، مولانا اویس حسن اور مولانا نجیب الرحمن سمیت دیگر علماء نے بھی تعزیتی پیغام میں امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین اسلام، ملک و ملت اور انسانیت کی خدمت میں گزاری اور اپنی علمی، دینی اور تنظیمی خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ جامعہ اشرفیہ کے اساتذہ، طلبہ اور منتظمین نے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ و جماعت اسلامی کے کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے صدر عبدالمالک مجاہد نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں امیرالعظیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا کرے، ان کی قبر کو منور کرے، جماعت اسلامی کو اس صدمے کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔