News Detail Banner

آزاد کشمیر ،بلوچستان صورتحال تشویشاک، حکومت حالات کا ادراک کرے، حافظ نعیم الرحمن

45منٹ پہلے

آزاد کشمیر ،بلوچستان صورتحال تشویشاک، حکومت حالات کا ادراک کرے، حافظ نعیم الرحمن
پٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی عوام کے لیے مستقل عذاب بن گئے، احتجاج جاری رہے گا
فلسطین ، ایران کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے، امیرجماعت اسلامی پاکستان کا مجلس شوری سے خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی ، مہنگی بجلی عوام کے لیے مستقل عذاب بن گئے۔ آزاد کشمیر ، بلوچستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ،حکومت حالات کا فوری ادراک کرے، جماعت اسلامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اور مثبت کردار ادا کررہی ہے۔ نظام کی تبدیلی اور طاغوت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے فلسطین کے مسئلے پر جماعت اسلامی کی مسلسل اور بھرپور مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت جماعت اسلامی کی اصولی پالیسی ہے اور یہ حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے دوران بھی جماعت اسلامی نے اصولی موقف اختیار کیا اور مظلوم کی حمایت کی۔ امت اور پوری دنیا میں مظلوم انسانوں کے حق میں اور ملک کے اندر مثبت اور تعمیری تبدیلی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت نے پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کے مہنگے ظالمانہ معاہدوں کے ذریعے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جماعت اسلامی کی اولین ترجیحات میں شامل ، احتجاجی تحریک کو مزید منظم کریں گے۔
بلوچستان کے حالات کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہاں کے عوام کے احساسات اور مشکلات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کسی مسئلے کو محض تاثر یا پروپیگنڈے کی بنیاد پر نہیں بلکہ زمینی حقائق کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی رائے جاننے کے لیے جدید ذرائع، سروے (Survey ) اور تحقیق سے فائدہ اٹھایا جائے تاکہ درست معلومات کی بنیاد پر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔ جماعت اسلامی حالات کی بہتری اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ (Outsourcing) کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو تجارت نہیں بلکہ قومی ذمہ داری اور مقصدیت کا شعبہ بنایا جانا چاہیے۔ پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، صوبہ کی ، کسان پریشان ہے ، بنیادی مراکز صحت کو فروخت کیا جارہا ہے ، عوام بنیادی سہولیات سے محروم ، صوبہ میں غریت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ، اس صورتحال اور مسائل کے ہوتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اپنے لیے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ گیارہ ارب روپے کے جہاز سے عوام کو کیا فائدہ پہنچے گا ؟ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور پنجاب سمیت پورا ملک بدانتظامی اور ناقص حکمرانی کا شکار ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی مسلسل جدوجہد، عوام کی تربیت اور اصلاحِ معاشرہ سے ہی ممکن ہے، تبدیلی ایک دن میں نہیں آتی بلکہ اس کے لیے صبر، استقامت اور مسلسل محنت درکار ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی کے بانی سید مودودی کی تعلیمات بھی اسی تدریجی اور نظریاتی جدوجہد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ عوام کے ساتھ ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کیا جائے اور ہر سطح پر منظم حکمت عملی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی حالیہ ممبرسازی مہم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تنظیمی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ جماعت کی عوامی اور تنظیمی قوت میں مزید اضافہ ہو سکے۔
دو روزہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں ملک بھر سے مرد و خواتین ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کی سیاسی و عوامی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔