News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی سے ایران کے سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

1گھنٹہ پہلے

امیر جماعت اسلامی سے ایران کے سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

ایرانی قوم کی استقامت و جرآت کو سراہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

حمایت اور اصولی موقف پر پاکستانی قوم، حکومت اور جماعت اسلامی کا شکریہ، رضا امیری مقدم

‎ اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ۔ اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط جنگ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نے ایرانی قوم کی استقامت اور شجاعت کو سراہا جب کہ ایرانی سفیر نے پاکستانی قوم، حکومتِ پاکستان اور بالخصوص جماعت اسلامی کے دوٹوک اور واضح مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں مسلم ممالک کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور امریکہ کو ایران پر حملے بند کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں اپنے اڈے بھی ختم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور مسجد اقصیࣿ کی آزادی اور ایک خودمختار ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی۔جماعت اسلامی ایران اور فلسطین پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مضبوط اور توانا آواز بلند کرتی رہے گی۔ ایران کے سفیر نے امیر جماعت اسلامی کا حمایت اور اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا اور جماعت اسلامی کے اتحاد امت کے کردار اور اقامت دین کی جدوجہد کی تحسین کی۔