حکومت آئی پی پیز کو ادائیگیاں بند، بجلی کی قیمت میں کمی، پٹرولیم لیوی ختم کرے، حافظ نعیم الرحمن
3دن پہلے
حکومت آئی پی پیز کو ادائیگیاں بند، بجلی کی قیمت میں کمی، پٹرولیم لیوی ختم کرے، حافظ نعیم الرحمن
جنگ کے خاتمہ کے فوری بعد ایران، پاکستان گیس پائپ لائن پر کام کا آغاز ہونا چاہیے
پاکستان، سعودی عرب دفاعی معاہدہ میں توسیع کرکے اس میں ایران، ترکی کوشامل کیا جائے، امیر جماعت اسلامی کی منصورہ میں پریس کانفرنس
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ تھرمل پاور پلانٹس بند کیے جائیں، آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے پر کی جانے والی ادائیگیاں روکی جائیں، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کی جائے، ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں کو چھ سو فیصد اضافہ سے قبل والی حالت پر واپس لایا جائے، سرکاری گاڑیاں تیرہ سو سی سی سے اوپر نہ ہوں، مریم نواز کا گیارہ ارب کا جہاز اور چیئرمین سینٹ کی نو کروڑ کی گاڑی فروخت کرکے رقم قومی خزانہ میں جمع کرائی جائے۔
منگل کو منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایران جنگ کے فوری بعد پاکستان-ایران گیس پائپ لائن پر کام کے آغاز اور سعودی عرب- پاکستان دفاعی معاہدہ میں توسیع کرکے اس میں ایران، ترکی کی شمولیت کے بھی مطالبات کیے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پرموجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹرمپ ایپسٹین رجیم اور شیطان کے پجاریوں کے نرغے میں ہے۔ ایران نے جس طرح امریکہ اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمت کی ہے اور واشنگٹن کو مذاکرات پر مجبور کیا ہے، یہ ایرانیوں کی فتح ہے۔ اہل غزہ اور اہل ایران نے مزاحمت کی تاریخ رقم ہے، اس مزاحمت میں اقوام عالم کے لیے سبق ہے۔ ٹرمپ کی چاپلوسی کرنے والوں کو بھی جان لینا چاہیے کہ حقیقی کامیابی مزاحمت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کو سمجھ آگئی ہے کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں، واشنگٹن صرف صہیونی ایجنڈے کی تکمیل کی جانب گامزن اور گریٹر اسرائیل چاہتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، ایران، ترکی اور دیگر خلیجی ریاستوں کے مابین دفاعی معاہدہ ہوگیا تو شیطانی طاقتوں کو اسلامی ممالک پر جارحیت کی جرآت نہیں ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیل نے غزہ میں نوے ہزار افراد جن میں ستر فیصد بچے اور خواتین شامل تھیں کو شہید کیا اور بعد میں یہ دونوں ایران پر حملہ آور ہوگئے۔ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کا آغاز ایک سو اکہتر بچیوں کو شہید کرنے سے ہوا۔ شیطان کے پجاری جس سفاکیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو شہید کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، امریکی صدر پر عالمی عدالت میں جنگی مجرم کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی ایران کو مذاکرات کی پیش کش کوئی چال ہوسکتی ہے، امید ہے ایرانی قیادت حکمت سے آگے بڑھے گی۔ ایران نے امریکی طاقت کے زعم کو ایکسپوز (Expose) کردیا ہے۔
قومی معیشت اور ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تمام آئی پی پیز معاہدے ختم کرے، عام شخص حکومت کو پٹرولیم لیوی کی مد میں ایک لیٹر پٹرول پر ایک سو بیس روپے ٹیکس دے رہا ہے، اسے ختم کیا جائے، حکمران اپنی عیاشیاں کم کریں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے، ملک کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت اڑتالیس ہزار میگاواٹ ہے، اس وقت چودہ ہزار میگاواٹ کے قریب کھپت ہے، ملک میں ڈیٹا سنٹر قائم کیے جاتے تو تمام اضافی بجلی استعمال ہوسکتی تھی، معیشت کی تباہی کا سبب نالائق حکمران ہیں جو بغیر کسی منصوبہ اور حکمت عملی سے فیصلے کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے قوم سے اپیل کی کہ اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرے اور شیعہ سنی کی تقریق میں نہ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران کے خلاف مہم امریکہ اسرائیل کو مدد فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن، مفتی تقی عثمانی،مفتی منیب الرحمن اور دیگر علما اکرام کو اتحاد امت کے پیغامات جاری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پرامن سیاسی مزاحمت قوم کا حق ہے، حکومت عوام کو پرامن احتجاج سے نہ روکے، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے
کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے سامنے ہونی والی شہادتوں کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مغرب کا نظام شکست سے دوچار ہے، مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ پاکستان اور افغانستان جنگ بند ہونی چاہیے، اس سلسلے میں حکومت علماء اکرام کی خدمات حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی مذاکرات کے لیے تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج کے ذریعے مریم نواز کو جہاز فروخت کرنے پر مجبور کرے گی۔



