تمام تر جبر وظلم کے باوجود اسلامی تحریکوں کو کامیابی حاصل ہورہی ہیں ۔شیخ عثمان فاروق
6دن پہلے
تمام تر جبر وظلم کے باوجود اسلامی تحریکوں کو کامیابی حاصل ہورہی ہیں ۔شیخ عثمان فاروق
پیپلز پارٹی نے کراچی کو مسائلستان بنا دیا ہے۔منعم ظفر خان
اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے ۔مرزا فرحان بیگ
جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے زیر اہتمام منعقدہ دعوتی و تربیتی اجتماع سے حسین احمد مدنی ،قاری منصور احمد قریشی ودیگر کا خطاب
اللہ کا دین دنیا میں مغلوب نہیں غالب ہونے کے لئے آیاہے۔دنیا میں آج چاروں طرف سید مودودی رحمتہ اللہ علیہ کی تحریک کا ڈنکا بج رہا ہے ۔بنگلہ دیش سے ٹھندی ہوائیں آرہی ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے بنگلہ دیش میں جبر کے سامنے حق کو غلبہ عطا فرمایا ہے۔پوری دنیا میں اللہ کی حاکمیت قائم ہوگی ۔اسلامی تحریک کے داعی کو چاروں طرف کے حالات سے باخبر رہنا چاہیے اور استقامت کے ساتھ رنگ ونسل کے تعصبات سے بالا تر ہو کر انسانوں پر رحمت بن کر اور عاجزی وانکساری کے ساتھ دعوت کا کام کرنا چاہیے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ عثمان فاروق نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے زیر اہتمام مسجد طیبہ زمان ٹاؤن کورنگی میں منعقدہ دعوتی و تربیتی اجتماع سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان ،امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ،معروف اسلامی اسکالر مولانا حسین احمد مدنی ،جمعیت اتحاد العلمائ ضلع کورنگی کے صدر قاری منصور احمد قریشی،سیکریٹری ضلع انجینئر نوید اختر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اس موقع پر سابق امیر ضلع کمال احمد فاروقی ،معاون امیر ضلع عاشق علی خان ،نائب امیر ضلع منصور فیروز بھی موجود تھے ۔شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ جبر کی قوتوں کا مقابلہ کیا ہے ۔بنگلہ دیش اور مصر میں ہمارے قائدین کوموت کی سزائیں دی گئی ۔بنگلہ دیش اور مصر میں تحریک اسلامی کے کارکنان اور قائدین پر زمین تنگ کر دی گئی ۔آج بھی ہزاروں کارکنان اور قائدین مصر کی جیلوں میں ہیں لیکن یہ راستہ حق کا راستہ ہے ۔ہم نے ہمیشہ صبر کے ساتھ ہر جبر کا مقابلہ کیا ہے ۔طاغوتی قوتیں سید مودودی رحمتہ اللہ علیہ کے نظریہ سے خوفزدہ ہیں ۔ہم غیر اللہ کے بجائے اس زمین پر اللہ کی حاکمیت کو قائم کرنا چاہتے ہیں۔ظلم وستم کی جتنی بھی آندھیاں چلے ہم استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اللہ کے دین کو تو غالب ہی ہونا ہے چاہے کفر کو کتنا ہی برا لگے ۔تحریک اسلامی کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکمت کے ساتھ دعوت کا کام کریں اور اپنے ہاتھ اور زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں ۔دشمن کے ہتھیار اور اس کے میڈیا اور طاقت کے مراکز پر نظر رکھے۔چاروں طرف کے حالات سے باخبر رہے اورآپس میں اخوت بھائی چارگی اور ایثار کا رویہ قائم کیا جائے اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لئے پوری قوت کے ساتھ کام کیا جائے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں قیام امن کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔شہید مرزا لقمان بیگ،شہید محمد اسلم مجاہد ،شہید جمال طاہر اور شہید ڈاکٹر پرویز محمود ودیگر شہدائ نے اپنے خون سے اس شہر کی آب یاری کی ہے ۔آج ان شہدا کے خون کے طفیل اس شہر میں امن قائم ہوا ہے ۔16سال سے پیپلز پارٹی اس صوبے کے اقتدار پر قابض ہے لیکن یہاں پر بدامنی کا راج ہے پیپلز پارٹی نے اپنی نااہلی اقربا پروری اور کرپشن سے کراچی جیسے میگا سٹی شہر کو جو پورے ملک کو پال رہا ہے ۔پیپلزپارٹی نےاس شہر کومسائلستان بنا دیا ہے اور کراچی شہر کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور ہرشخص پریشانی مشکلات کا شکار ہے ۔جماعت اسلامی کل بھی کراچی کی عوام کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی ہم ان کے ساتھ موجود ہیں ۔روزآنہ ہی اس شہر میں کوئی نیا مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے لیکن ہم اب کراچی کی عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کا ظلم وزیادتی برداشت نہیں کرینگے۔فارم 47والو کو زبردستی اس ملک اور شہر پر مسلط کر کے عوام پر ظلم کیا گیا ہے ۔جماعت اسلامی کے تحت دعوت اور خدمت دونوں کام جاری رہے گے۔ماہ جنوری میں ہم ممبر سازی مہم شروع کررہے ہیں جو کہ انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ کی جائے گی اور پانچ ملین نئے ممبران کو ہم جماعت اسلامی میں شامل کرینگے ۔کراچی کے نو ٹاؤنز میں جماعت اسلامی موجود ہے اور جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یونین کونسل میں شفاف اور دیانت داری کے ساتھ ترقیاتی کام جاری ہیں اور ہم بلا تفریق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔کارکنان اللہ اورقرآن سے تعلق کو مضبوط بنائیں اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوگی ۔امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ اجتماع عام کے بعد آج ہم ایک بار پھر جمع ہوئے ہیں ہم اپنی کوتاہیوں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی اورآگے بڑھنے کا راستہ بھی تلاش کررہے ہیں ۔جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدو جہد میں مصروف عمل ہے اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا واحد حل ہے ۔معروف اسلامی اسکالر مولانا حسین احمد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن روشنی اور نور ہے قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتے اور زندگی کے ہر دائرے میں دین اسلام کو نافذ کیا جاسکتا ہے ۔قاری منصور احمد قریشی نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے۔



