کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں کے حقوق ”بدل دو نظام کو”تحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہوگا، حافظ نعیم الرحمن
4گھنٹے پہلے
کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں کے حقوق ”بدل دو نظام کو”تحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہوگا، حافظ نعیم الرحمن
انگریزوں سے وفاداری کے عوض حاصل کی گئی جاگیریں چھوٹے کسانوں، ہاریوں میں تقسیم ہونی چاہییں
پنجاب حکومت کی 35سو روپے من امدادی قیمت مسترد، گندم 45سو من خریدی جائے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کسان روڈ کارواں سے خطاب
پاکستان کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے، حافظ نعیم الرحمن کا مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر پیغام
نوشہرہ ورکاں /گوجرانوالہ/لاہور:27اکتوبر 2025ء
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے حقوق مینار پاکستان سے شروع ہونے والی عظیم الشان ”بدل دو نظام کو”تحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہوگا۔ کسان ساتھ دیں، انگریزوں کی وفاداری سے حاصل کی گئی جاگیروں کو چھوٹے کاشتکاروں میں تقسیم کرنے کے مطالبہ کو پوری قوم کی آواز بنا دیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پنتیس سو روپے من گندم کی امدادی قیمت کو مسترد کرتے ہیں، فی من پنتالیس سو روپے میں خریدی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ میں ”کسان بچاؤ پاکستان بچاؤ“روڑ کارواں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد، امیر گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا اور صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین نے بھی کارواں سے خطاب کیا۔
کسان بورڈ کے زیراہتمام چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ اور زراعت کی بحالی کے لیے مختلف کسان تنظیموں نے پنجاب میں روڑ کارواں نکالے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے شرکاء کو مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے پر مبارکباد دی اور کسانوں کو نومبر میں جماعت اسلامی کے تین روز اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ساٹھ فیصد آبادی زراعت سے منسلک لیکن حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے شعبہ تیزی سے زوال کا شکار ہے، زراعت کی شرح نمو ایک سال میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد سے اعشاریہ پانچ تک آگئی، حکمران بتائیں یہ کس ترقی کے دعوے کررہے ہیں جب ساٹھ فیصد عوام کی آمدنی کئی گنا کم ہوگئی۔ حکومت پنجاب نے گزشتہ برس امدادی قیمت مقرر کرکے اور کسانوں سے وعدہ کرکے گندم نہیں خریدی،چھوٹے کسان رُل گئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسان سے دو ہزار روپے من گندم خریدی گئی اور مارکیٹ میں پانچ ہزار تک فروخت ہوئی، درمیان کی رقم مافیا کھا گیا، یہ مافیا ہر حکمران پارٹی کا حصہ ہے، سیاسی پارٹیاں خاندانوں اور افراد کے نرغے میں ہیں، بڑے جاگیردار ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں، کھاد بیج کی قیمتیں آسمان پر ہیں اور گندم اور دیگر اجناس مقررہ نرخ پر فروخت نہیں ہوتیں، اس سے جاگیردار کو کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت ان سے ٹیکس بھی نہیں لیتی، انگریز کے دور سے لے کر آج تک پاکستان میں جاگیردارانہ سماج قائم ہے، جس سے عام انسان کا استحصال ہورہا ہے، جو مراعات حکمرانوں کو حاصل ہیں کسان، مزدور کو بھی دی جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوام جان لیں انہیں مسلط طبقات سے اپنا حق چھین کر لینا پڑے گا، جماعت اسلامی سے مل کر گلیوں کوچوں میں آواز اٹھائیں، ایوانوں کا گھیراؤ کریں، ظلم کے اس راج کو بدلنا ہوگا، ملک پر عوامی راج چاہیے، اصل حکمران اللہ کی ذات ہے، جماعت اسلامی نومبر میں اللہ کی مددو نصرت اور عوام کی تائید سے استحصالی نظام کے خلاف پرامن تحریک چلا ئے گی۔
اقتدار میں آکر جماعت اسلامی عدالتی اصلاحات لائے گی۔ زراعت، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بنیادی تبدیلیاں متعارف کرائیں گے۔ عوام سمجھ لیں آزمودہ پارٹیاں ان کے مسائل کا حل نہیں، فارم سنتالیس کی پیداور کو عوام، کسان مزدور سے کوئی غرض نہیں، چہرے نہیں نظام بدلنا ہوگا۔ پاکستان میں امریکی غلاموں، جاگیرداروں کا نہیں، کسان اور عوام راج ہونا چاہیے۔ زراعت اور کسان بچے گا تو ملک آگے بڑھے گا۔
دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں تحریک آزادی میں جماعت اسلامی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مکمل اخلاقی و سیاسی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ کشمیر پر سفارت کاری تیز کی جائے اور عالمی سطح پر یہ مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے قوم تشویش میں مبتلا ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پر سودے بازی کی افواہوں کو تقویت مل رہی ہے، حکومت اس پر واضح موقف دے۔ یاد رہے کہ آج سے 78 برس قبل 27اکتوبر کو بھارتی افواج نے کشمیر پر قبضہ کرلیا تھا۔ کشمیری عوام اس جارحیت کے خلاف ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر قبضہ غیر قانونی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جہدوجہد رنگ لائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سید علی گیلانی کی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر بنتے ہوئے بھارت کے قبضہ سے آزاد ہوکر انشاء اللہ پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پاکستان کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔



