News Detail Banner

خواجہ آصف کے بیوروکریٹس کے غیرقانونی اثاثہ جات پر بیان پر سپریم کورٹ کے لیے ریفرنس بھجوایا جائے،لیاقت بلوچ

14گھنٹے پہلے

وفاقی کمیٹی کی تشکیل کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور جلد نام فائنل کردیں گے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا بیوروکریٹس کے غیرقانونی اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور کرپشن پر چشم کُشا حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں، پوری قوم میں طویل مدت سے نوکر شاہی کے بارے میں یہی تاثر گہرا ہے لیکن وفاقی حکومت کے ذمہ دار ترین وزیر کی جانب سے صرف حقائق بیان کرنا ذمہ داری نہیں، اِن تمام معلومات و حقائق کی آئین، قانون اور قومی مفادات کے تناظر میں تحقیقات اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ خواجہ آصف کے انٹرویو بیان پر سپریم کورٹ کے لیے ریفرنس بھجوایا جائے اور جوڈیشل کمیشن/جے آئی ٹی کے ذریعے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جمعیت طلبہ عربیہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دریں اثنا لیاقت بلوچ سے امیر جماعتِ اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن نے فون پر کہا کہ وہ وفاقی کمیٹی کی تشکیل کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور جلد نام فائنل کردیں گے۔ لیاقت بلوچ نے وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری اور پنجاب حکومت کی سینئر وزیر مریم اورنگ زیب سے رابطہ کیا اور اُنہیں حق دو بلوچستان لانگ مارچ کے قائدین سے مذاکرات اور معاہدہ پر عملدرآمد کے حوالے سے ٹائم لائن دینے کا کہا۔ لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں خواتین کے احتجاجی کیمپ کی قیادت سے مذاکرات کیے جائیں۔