حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی منگل 5اگست کو ”یوم حقوق کشمیر و فلسطین“کے طور پر منائے گی
14گھنٹے پہلے

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی منگل 5اگست کو ”یوم حقوق کشمیر و فلسطین“کے طور پر منائے گی۔ اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما خطاب کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ 5اگست 2019ء میں مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کیا اور اس کے بعد وادی میں بھارتی افواج کے مظالم کے نئے باب کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں صہیونی افواج نہ صرف نہتے عوام پر بارود کی بارش کر رہی ہے بلکہ اس نے لاکھوں کی آبادی کو خوراک کی ترسیل پر بھی پابندی عائد کر دی، اسرائیل خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ جماعت اسلامی 5اگست کو اہل کشمیر و فلسطین سے اظہار یکجہتی کرے گی اور دنیا اور خصوصی طور پر اسلامی ممالک اور پاکستان کے حکمرانوں کی ان مظالم کی جانب توجہ مبذول کرائی جائے گی۔