News Detail Banner

تعلیم حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے جسے وہ پوری نہیں کر رہی، حافظ نعیم الرحمن

22گھنٹے پہلے

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی جیسے ملک کے سب سے بڑے شہر میں ایک سرکاری اسکول بھی ایسا نہیں جو معیاری تعلیم دے رہا ہو، سندھ حکومت کا 631ارب روپے کا تعلیمی بجٹ کا بڑا حصہ کرپشن اور نا اہلی کی نذر ہو جاتا ہے، تعلیم حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے جسے وہ پوری نہیں کر رہی ہے، پاکستان میں 2کروڑ 62لاکھ اور سندھ میں 1کروڑ بچے اسکولوں سے باہر اور تعلیم سے محروم ہیں جو ایک اجتماعی المیہ ہے، جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام ِ تعلیم لانا چاہتی ہے جس میں یکساں نصاب اور ایک معیار غریب اور امیر کے لیے تعلیمی تفریق نہ ہو اور تعلیم کی تجارت ختم ہو، ہم تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کے لیے سر گرم عمل ہیں۔ بہادر یار جنگ اسکول صرف ایک عمارت نہیں نظریے کا نام ہے، اس نظریے اور چراغ سے پورے ملک کو روشن کرنا چاہتے ہیں، گلبرگ ٹاؤن کی پوری ٹیم قابل مبارکباد اور لائحق تحسین ہے جس نے اس اسکول کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کر کے بڑی تعلیمی خدمت کی ہے، گلبرگ ٹاؤن کو ہدف دیتا ہوں کہ ایک سال میں اپنے ٹاؤن میں آنے والے 17اسکولوں کو بھی اسی طرح اپ گریڈ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 11میں بہادر یار جنگ اسکول کی تعمیر ِ نو و آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین نصرت اللہ، یوسی چیئر مین فاروق نعمت اللہ و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے دیگر ذمہ داران، منتخب بلدیاتی نمائندوں، اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، حافظ نعیم الرحمن کو گلدستہ پیش کیا گیا، قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے فیتہ کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کر کے اسکول کا باقاعدہ افتتاح کیا اور جماعت اسلامی کی ”آؤ کراچی سر سبز بنائیں، شجر کاری مہم ”کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔حافظ نعیم الرحمن نے اسکول کا دورہ کیا والدین اور اساتذہ سے ملاقاتیں کیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے، ٹاؤنز و یوسیز کو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز بھی نہیں دیے جارہے لیکن جماعت اسلامی صرف اختیارات کے حصول کے لیے ہی جدوجہد نہیں بلکہ عملاً عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے پارکس، جِمز، ڈرین ہارویسٹنگ، صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبہ جات میں عملی کردار ادا کیا۔
جماعت اسلامی اس شہر اور ملک کے عوام حقوق سے دست بردار نہیں ہوگی، ہم ہر میدان میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ہم نوجوانوں کو منشیات اور اسٹریٹ کرائم جیسے خطرناک رجحانات سے بچا کر انہیں تعلیم، تربیت اور شعور دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ ہم ایسے معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں غریب اور متوسط طبقے کا بچہ بھی فخر کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ تعلیم کو ترجیح دی ہے کیونکہ تعلیم ہی ایک قوم کو بناتی ہے اور نئی نسل کو شعور دیتی ہے۔ بدقسمتی سے نجی تعلیمی ادارے موجود ہیں، مگر فیسوں میں اضافے کی وجہ سے تعلیم چند امیروں تک محدود ہو گئی ہے۔ماضی میں پاکستان کے سرکاری اسکولوں سے معیاری تعلیم دی جاتی تھی اور بڑی بڑی شخصیات انہی اداروں سے فارغ التحصیل ہوئیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی نے حاصل کیے تھے، مگر پیپلز پارٹی نے دھاندلی، چھینا جھپٹی اور طاقت کے ذریعے کراچی پر اپنا میئر مسلط کیا۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا مار کر جمہوریت کا گلا گھونٹا گیا، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، عوامی حقوق کی جنگ جاری رہے گی