وزیراعظم، امیر جماعت اسلامی میں غزہ کی صورتحال پر ٹیلی فونک رابطہ
2دن پہلے

حافظ نعیم الرحمن نے شہباز شریف کو حماس کے رہنما خالد مشعل کا پیغام پہنچایا
حکومت پاکستان اہل غزہ کو خوراک کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں غزہ میں جاری خوراک کے بحران سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں انہیں فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کے سینئر رہنما خالد مشعل کا پیغام پہنچایا ہے کہ پاکستان غزہ کے نہتے عوام تک خوراک و ادویات کی ترسیل ممکن بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں جاری صہیونی مظالم اور امداد کی ترسیل پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور غذائی قلت کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امیر جماعت کو یقین دلایا کہ حکومت اس سلسلے میں تمام عالمی فورمز پر موثر آواز اٹھائے گی، انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اہل غزہ کے لیے امدادی سرگرمیوں کی بھی تحسین کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت غزہ جنگ بندی کے لیے بھی بھرپور کاوشیں کررہی ہے۔
قبل ازیں ہفتہ کی شام کو فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے قائد خالد مشعل نے امیر جماعت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں غذائی قلت کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی غزہ کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ خالد مشعل نے امیر جماعت سے اپیل کی کہ وہ غزہ کی قیادت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو پیغام پہنچائیں کہ پاکستان کو اسلامی دنیا کے اہم ملک کی حیثیت سے اہل غزہ کی مدد کے لیے فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے چاہییں اور یہ کہ وزیراعظم پاکستان اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ خالد مشعل کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام پر کھانے پینے کی اشیا، ادویات حتٰی کہ پینے کی پانی تک کی رسائی کو ناممکن بنا دیا گیا ہے، صہیونی افواج پناہ گزینوں کے کیمپوں اور امداد کے حصول کے لیے تگ ودو کرنے والوں کو بارود سے نشانہ بنارہی ہیں، عوام فاقوں سے شہید ہورہے ہیں۔ اس صورتحال میں غزہ کے عوام جہاں تمام امت اور عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں وہیں انہوں نے پاکستان سے بڑی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے خوراک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے حربوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے خالد مشعل سے گفتگو کے بعد فوری طور پر وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں غزہ کی قیادت کا پیغام پہنچایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم کو صورتحال آگاہ کرتے ہوئے ان سے پرزور اپیل کی عالمی برادری اور خصوصی طور پر اہم اسلامی ممالک سے رابطہ کرکے غزہ میں خوراک و ادویات کی ترسیل کو ممکن بنایا جائے۔ حکومت پاکستان تمام مناسب اور فوری اقدامات اٹھائے تاکہ اکیس لاکھ آبادی کو بھوک اور فاقہ کشی سے بچایا جاسکے۔ امیر جماعت نے کہا کہ امدادی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی اپیلوں کے باوجود اسرائیل ٹس سے مس نہیں ہورہا اور بدمست ہاتھی بن چکا ہے۔ حکومت پاکستان اس ضمن میں تمام ذرائع کو بروئے کار لاکر غزہ کے نہتے عوام کی امداد یقینی بنائے۔
یاد رہے امیر جماعت نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر نحیف فلسطینی بچے کی تصویر شیئر کرکے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی تھی اور حکومتوں اور اقوام متحدہ سے اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔