شہباز شریف کا ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دینا ذہنی غلامی کی انتہا ہے، حافظ نعیم الرحمن
11دن پہلے

اسرائیلی مظالم کے سرپرست کو وزیراعظم امن کی چمپئن شپ کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں، امیر جماعت کا ایکس پر اظہار خیال
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دینا ذہنی غلامی کی انتہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایک بارپھر غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردیا ہے، امریکا فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کا سرپرست ہے اور بموں اور بھوک سے مرنے والے معصوم بچوں اور عورتوں کے قتل عام میں برابر کا شریک ہے جب کہ شہباز شریف ٹرمپ کو امن کی چمپئن شپ کے سرٹیفیکیٹ بانٹ رہے ہیں۔ امیر جماعت نے سوال کیا کہ غلامی اور چاپلوسی اور کیا ہوتی ہے؟
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں جاری صہیونی دہشت گردی پر اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی سے واضح ہے کہ یہ سب ٹرمپ کی خوشنودی چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے یہ حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس مطالبہ کو دہرایا کہ حکومت پاکستان واشنگٹن کی تابعداری کی بجائے اہل فلسطین پر مظالم بند کرنے اور غزہ کا مقدمہ لڑنے میں قائدانہ کردار ادا کرے۔
امیر جماعت نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اہل غزہ کے حق میں بھرپور اور توانا آواز بلند کرتی اور حکمرانوں کو شرم دلاتی رہے گی۔