حکمران امریکہ سے مرعوب ہونے کی بجائے جرأت کے ساتھ کشمیر اور فلسطین کی بات کریں۔حافظ نعیم الرحمن
1دن پہلے

حکمران امریکہ سے مرعوب ہونے کی بجائے جرأت کے ساتھ کشمیر اور فلسطین کی بات کریں۔کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے وزیر اعظم اسلامی ممالک کے سربراہان اور آرمی چیف فوجی قیادت کو جمع کریں۔حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران امریکہ کی بجائے اپنے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر قومی پالیسی بنائیں۔ پاکستان کے غیور عوام نے اسلام کیلئے اپنی افواج کا ساتھ دیاہے جس کے نتیجے میں اللہ نے ہمیں فتح مبین سے نوازا ہے۔پاکستانی افواج کی جرأ ت و بہادری پوری دنیا تسلیم کر چکی۔امن پسند اقوام کو ساتھ ملائیں اور اسرائیل کو واضح پیغام دیں۔اگر اسرائیل غزہ میں نسل کشی بند نہیں کرتا تو ہمیں بھی اسرائیل کو بھارت جیسا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔آج پاکستان دنیا میں پوری قوت سے سامنے آکھڑا ہوا ہے۔دنیا پاکستان کی طاقت کو جان چکی ہے۔بھارت ذلت آمیز شکست کے بعد مذاکرات کی بھیک مانگنے پر مجبور ہوا۔یہ جہاد کی برکت ہے جس کے نتیجے میں اللہ نے ہمیں عزت و سرفرازی سے نوازا ہے۔ آدھا کشمیر ہم نے لڑ کر لیا باقی بھی بزور شمشیر آزاد ہوگا۔پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح جم کر کھڑی ہے۔عوام کی رائے کو بلڈوز کرتے ہوئے کبھی ایک پارٹی اور کبھی دوسری پارٹی کو اقتدار دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ حکمرانوں کوکشمیر یوں کے خون کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔کشمیر اور غزہ کی آزادی کیلئے اٹھنا ہوگا۔ وزیر اعظم قومی قیادت کو ساتھ بٹھائیں اور مشاورت سے قومی پالیسی تشکیل دی جائے۔امریکہ سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کی بنیاد اسلام ہے، پاکستان اور اسلام کی اہمیت ہے کسی پارٹی یا شخصیت کی کوئی اہمیت نہیں۔تمام پارٹیوں کو حق اور سچ کی بنیاد پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کی دعوت دیتا ہوں۔ہم پاکستان کی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالاکنڈ چکدرہ میں بھارت اسرائیل مردہ باد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارچ سے سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور امیر جماعت کے پی کے شمالی عنایت اللہ خان، فلسطینی رہنما بلال الاصطل،صوبائی سیکرٹری جنرل حلیم باچا اور آصف لقمان قاضی نے بھی خطاب کیا۔ مالاکنڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین نے بھی مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ بھارت نے بار بار جھوٹاپروپیگنڈا کر کے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگائے لیکن دنیا بھارت کے اس جھوٹ کونہیں مانتی۔ہماری فوج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا ہے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔بھارت کی ساری ٹیکنالوجی اور جدید اسلحہ اسے ذلت اور عبرت ناک شکست سے نہیں بچا سکا۔جب ہماری فوج نے جہاد کے جذبے سے دشمن پر وار کیا تو اسے سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔جب بھارت پاکستان پر حملے کر رہا تھا تو ٹرمپ خاموش تماشائی بنا ہوا تھا،اب یہ انسانیت کے لئے نہیں بلکہ بھارت کو بچانے کیلئے آیا ہے۔قوم ایسی کسی ثالثی کو قبول نہیں کر ے گی جومسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ہو۔ حکمران اور فوجی قیادت کو یاد رکھنا چاہئے کہ قوم نے جہاد اور اسلام کی وجہ سے آپ کا ساتھ دیا ہے اگر آپ اس مقصد سے پیچھے ہٹے تو قوم آپ کا ساتھ نہیں د ے گی۔کشمیر پرایسا کوئی حل قبول نہیں کریں گے جو ادھر ہم،ادھر تم کی بنیاد پر ہو۔جب آپ نے ذہنی غلامی اور بزدلی کو چھوڑا تو اللہ نے ہمیں فتح سے نواز ا۔کسی سے خوف زدہ اور مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ پورے وقار سے برابری کی سطح پر بات کریں۔معیشت صرف پاکستان کی نہیں امریکی معیشت پاکستان سے بھی زیادہ خراب ہے۔امریکہ پاکستان سے پانچ سو گنا زیادہ مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو چند سال میں پاکستان دنیا کی معاشی قوت بن جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں اور افواج سے بھی کہتا ہوں کہ غزہ کیلئے آواز اٹھائیں۔قو م کا ہر فرد آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا لیکن اگر آپ نے پہلو تہی کی تو یہی قوم آپ کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں۔پاکستان کی فتح کی خوشی دنیا بھر کے مسلمانوں نے منائی ہے۔حکومت کو جھکنے اورعہد شکنی نہیں کرنے دیں گے اگر حکمرانوں نے کشمیر اور غزہ کے معاملے میں قومی موقف سے روگردانی کی تو پوری قوت سے ملک بھر کے عوام کو حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر لائیں گے۔۔غزہ اورکشمیر میں نسل کشی ہورہی ہے۔ مالاکنڈ کے جرأت مند عوام نے کشمیریوں کو بھارت کی غلامی سے آزادکروایا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو آزاد کروایا جب مالا کنڈکے مجاہدین سری نگر کے دروازے تک پہنچ گئے تو بھارت اقوام متحدہ پہنچ گیا۔یہ شہیدوں کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر نے پاکستان کی سلامتی کو محفوظ بنایا۔ ڈاکٹر عبد القدیر صرف محسن پاکستان ہی نہیں محسن عالم اسلام ہیں،28مئی کو ڈاکٹر عبد القدیر خان کا دن منائیں گے۔بزدل حکمرانوں نے اسلام دشمنوں کو خوش کرنے کیلئے اپنے محسن ڈاکٹر عبد القدیر خان کے خلاف مقدمات بنائے اور ان کے جنازے میں بھی شرکت نہیں کی۔حکمرانوں کو اب اس بزدلی کو چھوڑنا پڑے گا۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مودی نے ہماری مساجد،خواتین اور بچوں پر حملہ کیا۔مودی نے جنگ میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں اور معصوم شہریوں کا قتل کیا۔ایک طرف اسرائیل ہمارے بچوں کا قتل عام کررہا ہے اور دوسری طرف عرب حکمران ٹرمپ کو تاریخی پروٹوکول دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب تک عالم اسلام اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے متحد نہیں ہوگا امریکہ ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا۔