جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور دہلی کے درمیان مجوزہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے علاوہ کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا،
5دن پہلے

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور دہلی کے درمیان مجوزہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے علاوہ کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت کشمیر پر اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹی تو قوم اسے نشان عبرت بنا دے گی۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعہ کو آزاد کشمیر اور لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے اور سترہ مئی کو ایبٹ آباد، اٹھارہ کو چکدرہ میں اور پچیس مئی کو بنوں میں عظیم الشان دفاع پاکستان و یکجہتی غزہ مارچز منعقد کیے جائیں گے ۔ امیر جماعت نے کہا کہ نواز شریف کو حالیہ جنگ میں خاموشی اختیار کرنے پر جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے الیکشن دھاندلی کی تحقیقات پر اصولی موقف کی تائید کی تاہم اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ جماعت اسلامی تحریک انصاف کی ہربات کی تائید کرے گی۔۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تجارت اور ترقی چاہتے ہیں تو غزہ میں جنگ بندی کرائیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق حل کرائیں۔ انسانیت کا امن مشرق وسطیٰ میں امن سے منسوب ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں ثابت ہوا کہ پوری دنیا میں صرف اسرائیل ہی بھارت کا ساتھی ہے، حقیقت میں دونوں ایک ہیں، صہیونیت کا گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا ہے تو ہندوتوا کے پیروکار اکھنڈ بھارت بنانا چاہتے ہیں، دونوں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے موقع پر جب قوم متحد ہے ایسے اقدامات اٹھائے جو قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے سود مند ہوں۔ عوام کو بجٹ میں عمومی سہولت اور تنخواہ دار طبقہ کو ایک لاکھ بیس ہزار تک تنخواہ پر ٹیکس میں مکمل چھوٹ دی جائے، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے اور زرعی مداخل کی قیمتیں کم کرکے چھوٹے کسانوں کو سہولتیں دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ٹریکٹروں کی تقسیم کے نمائشی اقدامات کی بجائے زراعت پر کسان دوست پالیسیاں تشکیل دے۔ انہوں نے کے پی میں قیام امن کے لیے کوششیں تیز کرنے اور بلوچستان میں لاپتہ شدہ افراد کے مسئلہ کو حل کرنے کے بھی مطالبات کیے۔ نائب امیر لیاقت بلوچ ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور سیکرٹری اطلاعات شکیل ترابی بھی پریس کانفرنس میں امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔