News Detail Banner

امیر جماعت کی اپیل پر بھارتی جارحیت اور بزدلانہ کارروائی کے خلاف ملک بھر میں ”یوم عزم“ منایا گیا.

8گھنٹے پہلے

امیر جماعت کی اپیل پر بھارتی جارحیت اور بزدلانہ کارروائی کے خلاف ملک بھر میں ”یوم عزم“ منایا گیا.
اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے شہروں سمیت سینکڑوں مقامات پر ”پاکستان زندہ باد“ ریلیوں کا انعقاد
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بھارتی جارحیت و بزدلانہ کاروائی کے خلاف جمعہ 9 مئی ملک بھر میں ”یوم عزم“ کے طور پر منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے شہروں سمیت سینکڑوں مقامات پر ”پاکستان زندہ باد“ ریلیوں کا انعقاد ہوا جن میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ انھوں نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دفاع وطن کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکا نے امریکہ،بھارت و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے شرکا سے خطابات کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم متحد ہے اور دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ شرکا نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے پر پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور دشمن کو مزید سبق سکھانے کے مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم بھارت کی بزدلانہ کارروائی سے ہونے والی شہادتوں کے بدلے کی منتظر ہے، دشمن کو جواب دینا پاکستان کا استحقاق ہے۔ مودی کی فاشسٹ حکومت کو ایسا سبق سکھایا جائے کہ اسے دوبارہ ایسی حرکت کی جرأت نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے مظاہرہ کی قیادت کی، لاہور میں منصورہ مرکز کے باہر ہونے والے مظاہرے سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ کراچی میں امیر ضلع منعم ظفر نے لسبیلہ چوک نعمان مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ پشاور میں جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر نشترآباد سے امیر ضلع بحراللہ خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس میں شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں نوجوانوں،تاجروں اور اہلیان شہر نے شرکت کی۔ ریلی ہشت نگری چوک سے جی ٹی روڈکے راستے پشاور کینٹ پہنچی جہاں پر مین صدر روڈ پر شرکاء سے امیر ضلع و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ دیر پائن تیمر گرہ میں نکالی جانے والی ریلی سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان نے خطاب کیا، امیر خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع نے نوشہرہ میں یوم عزم کے سلسلہ میں نکالی جانے والی بڑی ریلی کی قیادت کی۔ کوئٹہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، بنوں، دیرپائن، نوشہرہ، بنوں، ساہیوال، گوجرانوالہ، مردان،صوابی،چارسدہ، اندرون سندھ اور دیگر مقامات پر بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ریلیوں کا انعقاد ہوا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی اپنا فرض سمجھتا ہے،جذبہ ایمانی سے سرشار جانباز پائلٹوں نے بھارت کے رافیل طیارے مارگرائے اور دنیا کو حیران کردیا ہے، حکومت سیاسی اختلافات کو بالا ئے طاق رکھ کر کل جماعتی کانفرنس بلائے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قومی یکجہتی کے لیے تمام مناسب اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ،بھارت اور اسرائیل شیطانی مثلث ہے جو پوری دنیا میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم رکھتے ہیں، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو شہید کیا جارہاہے، 55ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل مشرق وسطیٰ میں گریٹر اسرائیل بنانا چاہتا ہے دوسری جانب بھارت توسیع پسندانہ عزائم کے تحت خطے میں اپنی بالادستی چاہتا ہے اورپاکستان کی شہری آبادی،نہتے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنارہاہے، بھارت نے رات کی تاریکی میں آبادی پر میزائل حملے کیے،پاکستانی فضائیہ نے 5جہاز تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا، پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر امریکہ،بھارت اور اسرائیل کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنادے گی۔ پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے کہ کس طرح اس نے پہلگام میں ہونے والے واقعہ کوبہانہ بنایااورسارا الزام پاکستان پر لگادیا گیا۔ بھارت نے پاکستان کو ایک دن کے لیے بھی تسلیم نہیں کیااورتوسیع پسندانہ عزائم کامظاہرہ کیا۔عوام جذبہ جہاد و شوق شہادت سے سرشار ہیں،ملکی سالمیت کے لیے ہم سب کو سیاسی اختلافات بھلاکر ایک ہونے کی ضرورت ہے۔حکومت تمام جماعتوں کو یک نکاتی ایجنڈے پر مجتمع کر ے۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کئے لیکن پاکستانی شاہینوں نے دفاع وطن کاشاندارمظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے پانچ طیارے مارگرائے جس کے بعد اگلی صبح مودی نے سفید جھنڈا لہراکر شکست تسلیم کی لیکن ہم مودی کو خبردار کرتے ہیں کہ اب تم سفیدجھنڈے کے پیچھے چھپ نہیں سکتے تمھیں حساب دیناہوگا