News Detail Banner

غزہ صرف عربوں کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ سراج الحق

3دن پہلے

لاہو ر 21 اپریل 2025ء

ہدیۃ الہادی پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ قومی مجلس مشاورت میں شرکت کے بعد سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ صرف عربوں کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ اگر یورپی ممالک یوکرین کے لیے یکجا ہو سکتے ہیں، اربوں ڈالر خرچ کر سکتے ہیں، تو اسلامی دنیا کے 57 ممالک اہلِ غزہ کے لیے متحد کیوں نہیں ہو سکتے؟ انہوں نے اقوام متحدہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ادارہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے لیے مؤثر ثابت ہو سکتا ہے، تو فلسطین کے حق میں منظور شدہ ایک ہزار سے زائد قراردادیں غیر مؤثر کیوں ہیں؟ جب اقوام متحدہ کے چارٹر میں جانوروں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، تو پھر فلسطین میں انسانوں کے قتلِ عام پر یہ خاموش کیوں ہے؟مجلسِ قومی مشاورت میں ملک کی ممتاز دینی، مذہبی اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔

سراج الحق نے کہا کہ غزہ پر 80 ہزار ٹن سے زائد بارود برسایا جا چکا ہے، جو ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گئے ایٹمی بموں سے بھی زیادہ ہے۔ پانی زہریلا ہو چکا ہے، بچے جلائے گئے، مساجد، مدارس اور گھروں کو تباہ کر دیا گیا، اور خواتین کے سامنے بچوں کو ذبح کیا گیا،مگر عالمِ اسلام کے حکمران اب بھی خاموش ہیں۔

اجلاس میں اہلِ غزہ کے مجاہدین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے گزشتہ 19 ماہ سے مسلسل قربانیاں دے کر بیت المقدس کی حفاظت کی۔آج امتِ مسلمہ کی ذلت اور رسوائی کا سبب وسائل کی کمی نہیں بلکہ وہ حکمران ہیں جو اللہ پر نہیں بلکہ امریکا پر بھروسا کرتے ہیں۔

قومی مشاورت میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دو قدم آگے بڑھ کر اہلِ غزہ کا عملی ساتھ دے۔ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ مفتیِ اعظم پاکستان حضرت علامہ تقی عثمانی کی قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والے کثیر المذاہب اجتماع میں جاری کردہ فتویٰ، جس میں فلسطین کی حمایت کو جہاد قرار دیا گیا، پر حکومت فوری طور پر عمل درآمد کرے۔