فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو، اسرائیلی جنگی مجرم ہیں،لیاقت بلوچ
11مہا پہلے
لاہور 09جنوری 2024ء
نائب امیر جماعت اسلامی،این اے 123، این اے 128 کے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتدار پر مسلط کی گئی پارٹیاں کنفیوژڈ ہیں، ان کے پاس عوام سے کہنے کو کچھ نہیں،انتخابی محاذ پر بے یقینی، کشمکش کی نوراکشتی اور ذرائع ابلاغ پر جھوٹ، فریب، دغابازی سے عوام میں زہریلی پولرائزیشن قائم رکھنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔
لیاقت بلوچ نے علامہ اقبال ٹاؤن، کلفٹن کالونی، رحمن پورہ، گلبرگ، مسلم ٹاؤن، وحدت کالونی اور ہیربیدیاں روڈ، کاہنہ میں کارنر میٹنگز اور ڈورٹوڈور رابطہ اور یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سوال کررہے ہیں کہ قرضوں کے انبار، کرپشن کے کیسز، بدانتظامی سے ملک و ملت کی بدنامی، سیاست، پارلیمنٹ اور سماجی نظام کی تباہی کرنے والی جماعتیں کس منہ سے ووٹ مانگ رہی ہیں،انتخابی محاذ پر بے یقینی، کشمکش کی نوراکشتی اور ذرائع ابلاغ پر جھوٹ، فریب، دغابازی سے عوام میں زہریلی پولرائزیشن قائم رکھنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے،عوام بیدار ہیں،عوام اپنے دشمنوں کو پہچان چکے ہیں،آئی ایم ایف کی بدترین شرائط کے سامنے سرنڈر کرنے، فوجی عدالتوں کے قیام کے لئے آئینی ترمیم لانے، اسٹیبلشمنٹ کو اپنی نااہلی، بیڈ گورننس اور کرپٹ پریکٹسز کو بالادستی، اندھی طاقت دینے والی پارٹیاں پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ہی ہیں،تھانہ، کچہری، محکمہ مال، تعلیم و صحت، بلدیات کے نظام کو کرپٹ حکمران جماعتوں نے تباہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ایکشن پلان بنا چکی ہے،پاکستان کو اسلامی، خوشحال، مستحکم، کرپشن فری ملک بنانا ہمارا قومی مشن ہے،خواتین، نوجوانوں کو محفوظ، باعزت مستقبل دیں گے،تاجروں، صنعت کاروں اور کسانوں کی مشاورت سے ملکی اقتصادی بحرانوں کا خاتمہ کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر 100 دن سے مسلسل بمباری سے تمام آبادیاں کھنڈر بنادی گئی ہیں 25 ہزار انسان شہید کردیئے گئے ہیں لیکن فلسطینیوں نے استقامت، جرات اور قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کردی ہے،پوری دنیا میں اسرائیلی، امریکی، صیہونی ظلم کے خلاف احتجاج کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو، اسرائیلی جنگی مجرم ہیں، اسرائیل کے جنگی جرائم پر اسے سزا دو،پوری دنیا میں سراپا احتجاج عوام جنوبی افریقہ کے اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ لے جانے کے جراتمندانہ اقدام کو سلام پیش کرتے ہیں۔