News Detail Banner

چین کے ساتھ ہر پاکستانی کا تعلق سیاسی وابستگی سے بالاتر ہے اور ہم امید رکھتے ہیں۔ آصف لقمان قاضی

3مہا پہلے

لاہور 27دسمبر 2023ء

ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی نے اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے میں منسٹر قونصلر یانگ نوو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات، پارٹی کی سطح پر کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے ساتھ روابط، خطے میں استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشیں اور پاکستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف لقمان قاضی نے کہا کہ چین کے ساتھ ہر پاکستانی کا تعلق سیاسی وابستگی سے بالاتر ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت کے قیام سے پاک چین دوستی کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ وابستہ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا۔ آصف لقمان قاضی نے مسئلہ فلسطین پر منصفانہ موقف اختیار کرنے اور بیجنگ میں حماس کے وفد کا استقبال کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان اقدامات کو پاکستان کے عوام تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور کسی قسم کے ماورائے آئین انتظامات کو ملک کے سیاسی استحکام کے لیے تقصان دہ سمجھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے میئر کو منتخب ہونے سے روکنا ایک غیر آئینی اقدام تھا اور اس طرح کے اقدامات سے ملک میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچتا ہے۔

آصف لقمان قاضی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں اور چین اس خطے کے ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یانگ نوو نے چینی کیمونسٹ پارٹی کے سنٹرل کمیشن برائے بین الاقوامی امور کے سربراہ لیوژیان چاؤ کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے لیے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا جماعت اسلامی کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انھوں نے پاکستانی عوامی کے لیے جماعت اسلامی کے رفاہی کام کو خراج تحسین پیش کیا۔