News Detail Banner

حماس اور فلسطینیوں نے تاریخ کے دھارے کا رخ موڑ دیا۔راشد نسیم

11مہا پہلے

لاہور24نومبر 2023ء 

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ حماس اور فلسطینیوں نے تاریخ کے دھارے کا رخ موڑ دیا، جو لوگ تصور کر بیٹھے تھے کہ مسئلہ فلسطین زیر زمین چلا گیا، ان کی خواہشات دھری کی دھری رہ گئیں، کئی اسلامی ممالک جو 7اکتوبر سے قبل اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری میں تھے، اب یہ جرأت نہیں کر پائیں گے۔ غزہ نے کربلا کی یاد تازہ کر دی، ایک طرف حسینی کردار تھے اور دوسری طرف ظالم اور پشت پناہی کرنے والی مغربی حکومتیں اور خاموش مسلمان حکمران ہیں۔

منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری جنگ سے ثابت ہو گیا کہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود جذبہئ ایمانی سے بڑی طاقتوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔ ان واقعات نے یہودیوں اور انسانیت کے حقوق کے دعویداروں کو بھی بری طرح ایکسپوز کر دیا ہے۔ امت جسد واحد ہو چکی ہے اور نیل کے ساحل سے لے کر تاب خاک کاشغر تک فلسطین کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمان حکمرانوں کا کردار شرمناک رہا، انھوں نے اہل فلسطین کی عملی مدد کرنے کی بجائے امریکا، یہودی لابی کو خوش کیا اور اپنے اقتدار کو بچایا۔ انھوں نے کہا کہ اہل پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ آیندہ الیکشن میں ان لوگوں کو ووٹ دیں جو ملک کے مسائل حل کر سکیں اور فلسطین کاز کے لیے حقیقی جدوجہد کریں۔ قوم کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے۔ خیبرپختونخوا کے ذمہ داران حافظ حشمت اللہ، ہدایت اللہ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔