غزہ میں اسرائیلی افواج کی بمباری سے 13ہزار سے زائد معصوم لوگ شہید ہو چکے ہیں۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور21نومبر 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکننز نے منگل کو منصورہ میں ملاقات کی جس میں پاک آسٹریلیا تعلقات، مسئلہ فلسطین و کشمیر اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی نے نیل ہاکنز کو آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھونی نارمن کے نام خط دیا جس میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا سفارتی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کرائیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کی بمباری سے 13ہزار سے زائد معصوم لوگ شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اہل فلسطین کی اپنی آزادی کے لیے جدوجہد عالمی قوانین کے مطابق ہے، فلسطینیوں کو غیرقانونی قبضہ کے خلاف مزاحمت کا حق حاصل ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ امن کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
دریں اثنا امیر جماعت نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورت حال، آیندہ الیکشن اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال ہوا اور فیصلے کیے گئے۔
امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی، ترازو کے نشان پر اسلامی فلاحی پاکستان کے منشور کے تحت الیکشن میں جائیں گے، نوجوان قیادت کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں، اہل اور ایمان دارقیادت کو آگے لایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں، ماضی کی غلطیاں دوہرائی گئیں تو ملک مزید عدم استحکام سے دوچار ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے نتیجہ میں معاشی تباہی آئی اور ملک بری طرح قرضوں کی دلدل میں پھنس گیا۔ حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی وجہ نااہل حکمران، کرپشن اور مس مینجمنٹ ہے، حکمران اشرافیہ نے وسائل کو لوٹا، بیرون ملک جائدادیں بنائیں، اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ، قوم کا تباہ کیا۔ ملک کی مخدوش اقتصادی صورت حال کی وجہ سے ہر شہری پریشان ہے، خودکشیاں بڑھ رہی ہیں اور نفسیاتی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اسے اہل اور ایمان دار قیادت چاہیے۔ آیندہ الیکشن میں جماعت اسلامی قوم کے لیے امید کی کرن ہے۔
سراج الحق نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے حق میں جدوجہد بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی، رواں ہفتے اسلام آباد، پشاور، چنیوٹ، پاکپتن میں غزہ سے اظہار یکجہتی اور پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ وہ 26اور 27نومبر کو جنوبی پنجاب میں روڈ کارواں کی قیادت کریں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ گزشتہ 76برس کے تجربات ناکام ہو گئے، عوام نے مارشل لا ادوار اور سیاسی جماعتوں کی نام نہاد جمہوری حکومتوں کو دیکھ لیا۔ ثابت ہو گیا کہ ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کے پاس مسائل کا حل نہیں، قوم کو فرسودہ نظام اوراس کے محافظوں سے نجات چاہیے اور یہ مقصد پُرامن جدوجہد اور ووٹ کی طاقت سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج کرے گی۔