News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ترکیہ پارلیمنٹ کے سپیکر نعمان قورتلمش نے استنبول میں ملاقات کی جس میں مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال ہوا۔

1سال پہلے

لاہور9نومبر 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ترکیہ پارلیمنٹ کے سپیکر نعمان قورتلمش نے استنبول میں ملاقات کی جس میں مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پارلیمنٹ نے کہا کہ ریاض میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس میں فلسطین کی آزادی کے لیے ایک مضبوط موقف،اعلامیہ اور لائحہ عمل تشکیل دیے جانے کے لیے ترکیہ بھرپور کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی پوری پارلیمنٹ مسئلہ فلسطین پر متحد ہے اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر سفارتی طریقہ سے مسئلہ فلسطین کے حل کی کوشش کررہے ہیں، وہ اس سلسلہ میں پوری دنیا میں ایک موثر آواز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ یورپ میں اسرائیلی لابی ترکیہ کے خلاف پروپیگنڈہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے تمام آپشن زیرغور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جماعت اسلامی سے متاثر ہیں۔ انہوں نے امیر جماعت کی مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کاوشوں کی تحسین کی۔ سراج الحق سے ترکیہ پارلیمنٹ کی فلسطین کمیٹی کے سربراہ نے بھی ملاقات کی۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے عملی اقدامات اور امت کے اتحاد کی ضرورت ہے۔ طرفین میں اتفاق پایا گیا کہ حماس کی آزادی فلسطین کے لیے جدوجہد حق پر مبنی ہے۔ فلسطین کی آزادی کے لیے اہل فلسطین کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمت کا حق حاصل ہے۔