News Detail Banner

افغان مہاجرین کے مسئلہ پرنگران حکومت کی پالیسی سے پاک افغان تعلقات کشیدگی کا شکار ہوں گے۔ لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور8نومبر 2023ء

قائم مقام امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ افغان مہاجرین کے مسئلہ پرنگران حکومت کی پالیسی سے پاک افغان تعلقات کشیدگی کا شکار ہوں گے۔کوئٹہ میں صوبائی ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے افغان شہریوں کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا نہ صرف ملک کے لیے مشکلات پیداکررہاہے بلکہ اس سے انسانی بحران بھی جنم لے گا۔مسئلہ پر کابل کواعتماد میں نہ لیا گیا تو اس سے ریاست پاکستان کے جغرافیائی و قانونی معاملات بھی متنازعہ ہوسکتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ نگران حکومت قومی قیادت کااجلاس بلاکرپاک افغان تعلقات، افغان مہاجرین کوڈی پورٹ کرنے کی پالیسی پراتفاق رائے پیداکرے۔ پاکستان، افغانستان، ایران میں دوستانہ تعلقات تینوں ممالک اور خطے میں امن و ترقی کے لیے لازم ہیں۔ افغانستان میں امریکا اور نیٹو افواج کی ذلت آمیز شکست کے بعد پاک افغان تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت تھی جس پر توجہ نہ دی گئی۔

قائم مقام امیر جماعت نے لاپتا افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پرغیرمتعلق افراد کولاپتا کرنے سے نفرتوں میں اضافہ ہواہے۔ بلوچستان جل رہا ہے، خیبرپختوانخواہ بھی شدید بدامنی کا شکار ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ بلوچستان کے عوام کی محرومیاں دور کی جائیں۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمران فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی کاتماشہ نہ دیکھیں بلکہ جنگ بندی،اسرائیلی دہشت گردی رکھوانے میں فوری کرداراداکریں۔اسرائیل ناجائز،قاتل اوردہشت گردریاست ہے۔برطانیہ و امریکہ کی سرپرستی کرنے کی وجہ سے اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی ودہشت گردی کررہاہے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 8فروری الیکشن کابروقت،منصفانہ، غیرجانبدارانہ ہونے سے جمہوریت کی راہ ہمواراورمسائل حل ہوں گے۔متنازعہ الیکشن سے مزیدمسائل پیداہوں گے۔جماعت اسلامی تمام قومی صوبائی،حلقہ جات کے انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کرنے سے معاشی حالات خراب،مہنگائی عروج پرہے، بجلی گیس اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کومتعین کرنے کا اختیار بھی آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتیں کم مگرپاکستان میں عوام کوریلف نہ ملناقابل مذمت ہے۔ ٹیکسزکی بھرمار،بدعنوانی،بے روزگاری،مہنگائی عروج پرمگرحکومت غافل ہے۔ مسائل کے حل کے لیے قوم کودیانتدارقیادت چاہیے، اس کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے۔