News Detail Banner

بانیئ پاکستان نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا، حافظ محمد ادریس

1سال پہلے

لاہور7نومبر 2023ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر پاکستانی کو فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف بابائے قوم قائداعظمؒ کے مضبوط، مومنانہ اور جرأت مندانہ موقف کو دل میں تازہ رکھنا چاہیے۔ قائداعظمؒ اپنی جرأت ایمانی اور اخلاص کی وجہ سے دنیا کی نام نہاد اسرائیل نواز مغربی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسرائیل کے قیام کے خلاف ڈٹے رہے۔ پاکستان میں طاقتور اداروں میں جو شخصیات پچھلے عرصے میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشیں کرتے رہے ہیں، ان میں سے کچھ تو اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، باقی ماندہ عناصر کو ہر محب وطن پاکستانی کو اچھی طرح پہچان لینا چاہیے۔ ہم قائداعظمؒ کے قائم کردہ پاکستان کے شہری ہیں، اسرائیل نواز عناصر کو کسی صورت قبول نہیں کر سکتے۔

حافظ ادریس نے کہا کہ اسرائیل مغربی قوتوں کا ایک ناجائز بچہ ہے، اس کا وجود غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے۔ اہل غزہ  نے بے سروسامانی کے عالم میں جس ہمت و شجاعت کے ساتھ اس درندہ صفت ناجائز ریاست کا مقابلہ کیا ہے، وہ تاریخ میں یاد رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کا دینی و ملی فرض ہے کہ زبانی کلامی حمایت اور قراردادوں سے آگے بڑھ کر عملاً ظلم کے خلاف اپنے مظلوم اہل ایمان بھائیوں کے ساتھ میدان میں آئیں۔ دنیا کا سب سے بڑا درندہ صفت امریکی نظام اسرائیل کی حمایت میں سب کچھ میدان میں لے آیا ہے، ہمارا بھی کچھ فرض بنتا ہے۔ کل قیامت کو ہر مسلمان حکمران سے اس کی جوابدہی ہو گی۔