News Detail Banner

فلسطین میں بچوں کا قتل عام جاری، اسرائیلی مظالم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہےسراج الحق

6مہا پہلے

لاہور27اکتوبر 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین میں بچوں کا قتل عام جاری، اسرائیلی مظالم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ امریکی صدر نے صیہونی ریاست کو سفارکیت کا لائسنس جاری کردیا۔ امریکا جنگ بندی کی قراردادیں ویٹو کررہا ہے، جارح کو مسلسل اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے، جماعت اسلامی واشنگٹن کے انہی اقدامات کے خلاف اتوار کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے باہر غزہ مارچ کرے گی۔  اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر گزشتہ 20دنوں میں 6000بم گرائے، بارود کی بارش میں صحافی اور ڈاکٹر بھی شہید ہوئے۔ غزہ کے لیے پانی،خوراک، ادویات کی سپلائی پر پابندی ہے۔ مغرب شاید اس لیے خاموش ہے کہ صرف مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر، کیا وہ آخری فلسطینی کی ہچکی بند ہونے کے انتظار میں ہیں؟ امریکا اور برطانیہ کھلم کھلا اسرائیلی جارحیت کی سرپرستی کررہے ہیں تو پونے دورارب امت کے حکمرانوں کو کیا مجبوری ہے؟اعلانات اور قرادادوں سے اسرائیلی ٹینک نہیں رکیں گے، متحد ہوکر فلسطینیوں کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، غزہ کے لیے مشترکہ فنڈ قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف سکولوں کے طلبا وطالبات کی طرف سے فلسطینی بچوں سے اظہاریکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، امیرضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد، ناظمہ حلقہ خواتین لاہور عظمیٰ عمران اور دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریلی میں اساتذہ نے بھی شرکت کی اور امیر جماعت کو غزہ فنڈ کے لیے عطیات دیے، طلباوطالبات نے فلسطینی بچوں کے لیے تحائف دیے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے دعا کی۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ غزہ میں بچوں اور بچیوں کو کس جرم میں قتل کیا جا رہا ہے، بارود کی آگ نے ان کی کتابیں اور سکول جلا دیے، بچوں کے سامنے والدین اور بزرگوں کے سامنے بچے مارے جا رہے ہیں، بڑی طاقتیں اسرائیل کو تھپکی دینے کی بجائے جنگ بندی کرائیں، عالمی برادری اور ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں، پوری امت بے چین ہے، فلسطینیوں کا قتل عام نہ رکا تو آگ اور خون کے شعلے دنیا کو لپیٹ میں لے لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ امت کی نئی نسل فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی دیکھے گی۔ انھوں نے جماعت اسلامی لاہور کی ریلی کے انعقاد پر تحسین کی اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ 

بعدازاں منصورہ کی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے ذمہ دار حکمرانوں کے ساتھ ساتھ وہ لوگ بھی ہیں جو انھیں بار بار مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی اسی وقت آئے گی جب لوگ ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کریں گے۔ ملک پر گزشتہ 75برسوں سے مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے جائدادیں بنانے اور دولت کمانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا، قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی، فرسودہ نظام اور اس کے وفاداروں کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، پٹرول، بجلی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے بعد نگران حکومت نے چند روز قبل گیس کی قیمت میں بھی 193فیصد اضافہ کر دیا، یہ اقدامات عوام کو جیتے جی مارنے کے مترادف ہیں، نگران حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کو تسلسل دینے کی بجائے عوام کے مفادات کا تحفظ کرے اور انھیں ریلیف دے۔ نگران حکومت صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے اور اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے سپرد کرے، یہی استحکام کا راستہ ہے